31 اکتوبر 2017 - 11:54
صہیونی فوج کی بمباری سے 8 فلسطینی شہید + تصاویر

غزہ پر صیہونی حکومت کے فوجیوں کی بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد بڑھ کر آٹھ ہو گئی ہے جبکہ بعض زخمیوں کی تشویشناک صورت حال کے پیش نظر شہید ہونے والوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے پیر کو غزہ پٹی کے علاقے خان یونس میں فضائی کارروائی کرتے ہوئے ایک سرنگ کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں اب تک آٹھ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ اس سے قبل صیہونی حکومت کی اس جارحیت میں شہید ہونے والوں کی تعداد دو بتائی گئی تھی۔ رپورٹ کے مطابق شہید ہونے والوں میں سے چھے کا تعلق قدس بریگیڈ اوردو کا تعلق حماس کی فوجی شاخ القسام بریگیڈ سے ہے۔

غزہ پرغاصب صیہونی فوج کے جنگی طیاروں کی بمباری کے بعد قدس بریگیڈ نے ہائی الرٹ جاری کردیا۔
فلسطین کی جہاد اسلامی کے پریس سیکریٹری داؤد شہاب نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی جارحیت کا بھر پور جواب دیا جائے گا۔ انھوں نے تاکید کے ساتھ کہا کہ یہ سرنگیں ہمارے دفاعی سسٹم کا حصہ ہیں اور اپنی سرزمین کے دفاع کے لئے ہم کوئی کوتاہی نہیں کریں گے۔
داؤد شہاب نے کہا کہ صیہونی حکومت کو جان لینا چاہئے کہ اسے اس قسم کے خطرناک اقدام کا انجام بھی بھگتنا ہو گا۔
انھوں نے کہا کہ صیہونی حکومت کا یہ حملہ اعلان جنگ کے مترادف ہے اور حملے کا اسے دنداں شکن جواب دیا جائے گا۔
غاصب صیہونی حکومت نے دو ہزار چھے سے جب سے پارلیمانی انتخابات میں فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے کامیابی حاصل کی ہے، غزہ کا سخت محاصرہ کر رکھا ہے اور اس علاقے میں وہ خوراک کا سامان اور دوائیں تک منتقل نہیں ہونے دے رہی ہے۔
دوسری جانب غاصب صیہونی حکومت کے وزیرجنگ نے ان فلسطینیوں کے مکانات کو مسمار کر نے حکم دیا ہے جو صیہونی حکومت کے مقابلے میں جدوجہد کر رہے ہیں۔
لیبرمین نے کہا ہے کہ ان تمام فلسطینیوں کے مکانات کو مسمار کر دیا جائے گا جو اسرائیلی فوجیوں کے خلاف شہادت پسندانہ کارروائیاں انجام دیتے اور یا ان پر حملے کرتے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169