اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ایران کی ایکسپیڈینسی کونسل کے چیئرمین نے اسلام اور عراق کے دشمنوں کی سازشوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ عراقی قوم کے خلاف تمام فسادات چاہے وہ داعش ہو یا کوئی اور فساد، ان کے پیچھے اسلام کے دشمن عناصر ہیں.
یہ بات آیت اللہ 'سید محمود ہاشمی شاہرودی' نے گزشتہ روز ایران کے دورے پر آئے ہوئے عراق کے وزیراعظم 'حیدر العبادی' کے ساتھ ایک ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی.
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ دشمنوں پر بھروسہ نہیں کیا جاسکتا کیوں کہ وہ عراقی عوام کے خلاف فسادات اور سازشوں میں ملوث ہیں.
انہوں نے عراقی علاقے کرکوک میں عوام اور مسلح افواج کی حالیہ فتوحات بالخصوص داعش کے خلاف کامیابیوں پر عراقی قوم اور حکومت کو مبارکباد پیش کی.
آیت اللہ شاہرودی نے عراقی علاقے کردستان کے مسئلے کے جلد حل پر امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عراقی عوام کی وحدت، حکام کی موثر حکمت عملی اور الحشد الشعبی جیسی رضاکارانہ فورس کی بدولت آج عراق کی خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت محفوظ ہے.
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران عراقی قوم اور حکومت کے تعاون کے لئے کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کرے گا.
اس ملاقات میں عراقی وزیراعظم نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ علاقائی ممالک کو مؤقف اور نقطہ نظر کے لحاظ سے ایک دوسرے کے قریب لائیں.
انہوں نے مزید کہا کہ عراقی قوم کی وحدت کی بدولت آج دہشتگردوں کے خلاف کامیابیاں ملیں اور مستقبل میں بھی قوم اور حکومت کے درمیان یکجہتی کی فضا باقی رہے گی.
حیدر العبادی نے علاقائی ممالک کے قریب لانے، تعمیری تعاون کے فروغ بالخصوص ایران کے ساتھ تمام شعبوں بالخصوص اقتصادی سرگرمیوں کو مزید بڑھانے پر زور دیا.
خیال رہے کہ عراق کے وزیراعظم گزشتہ روز ایران کے دور پر پہنچے تھے اور انہوں نے قائد اسلامی انقلاب حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای، صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی، سنیئر نائب صدر اسحاق جہانگیری اور پارلیمنٹ کے اسپیکر علی لاریجانی کے ساتھ ملاقاتیں کیں.
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲