25 جولائی 2017 - 13:48
پاکستان کے وزیر دفاع بھی دبئی کی کپمنی کے ملازم نکلے

پی آٹی ٹی کے رہنما عثمان ڈار مسلم لیگ ن کے خواجہ آصف کا راز فاش کرتے ہوئے دستاویزات بھی منظر عام پر لے آئے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ وزیر اعظم کے بعد وزیر دفاع خواجہ آصف کا اقامہ بھی منظر عام پر آگیا، سیالکوٹ سے خواجہ آصف کے حلقے سے پی ٹی آئی کے امید وار عثمان ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر خواجہ آصف کے اقامے کی کاپی جاری کردی، جس کے مطابق خواجہ آصف بھی دبئی کی کمپنی میں ملازم ہیں۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے 2013 کے انتخابات میں اپنا اقامہ ظاہر کیا ہوا تھا، خواجہ آصف نے یواے ای کا اقامہ انٹرنیشنل مکینکل اینڈ الیکٹریکل کمپنی کے توسط سے بطور لیگل ایڈوائزر پرائیویٹ کے طور پر حاصل کیا جب کہ خواجہ آصف کے این اے 110 سے کاغذات نامزدگی اسکروٹنی کے بعد ریٹرننگ افسر نے درست قرار دیے۔

پی آٹی ٹی کے رہنما عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ خواجہ آصف سے متعلق حیرت انگیز انکشافات سامنے آئے ہیں، آرٹیکل63،62کےتحت خواجہ آصف کو بھی گھر بھیجیں گے، اقامہ ان کمپنیوں سے لیا گیا، جنہیں پروجیکٹ کی مد میں فائدہ دیا گیا۔

عثمان ڈار نے کہا کہ اقامہ کرپشن کرکے ملک سے بھاگنے کا چور راستہ رکھا گیا، پاکستان میں کرپشن کی لوٹ سیل لگانے والے باہر نوکریاں کررہے ہیں، عمران خان کا اقامہ نکلتا نون لیگ آسمان سر پر اٹھا چکی ہوتی، عمران خان کا اقامہ نہیں کیونکہ ایک ایک پیسہ ملک میں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خواجہ آصف سے متعلق جو دستاویزات ملی ہیں وہ حیران کن ہیں۔

دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ   میں نےاقامہ 27سال سے الیکشن کمیشن اور ایف بی آر میں ڈکلیئر کیا ہوا ہے، 1983 سے بینکنگ چینلز کے ذریعے پیسہ وصول کرتا ہوں، ابو ظہبی میں1983سے بینک اکاؤنٹ بھی موجود ہے۔

یاد رہے اس سے قبل پاناما جے آئی ٹی نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ وزیراعظم دبئی کی کمپنی کے ملازم تھے،  جس کے لیے دبئی کی لاء فرم نے بھی وزیراعظم نوازشریف کے کیپٹل ایف زیڈ ای کمپنی میں ملازم ہونے کے دستاویزات کی تصدیق کی تھی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲