10 جولائی 2017 - 13:06
دنیا سوچ بھی نہیں سکتی تھی کہ عراق اتنی جلدی موصل میں داعش کو شکست دے دےگا: عراقی وزیراعظم

عراقی وزیر اعظم نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ دنیا سوچ بھی نہیں سکتی تھی کہ عراق اتنی جلدی موصل میں داعش کو شکست دے دےگا، اس شہر کی تعمیر نو فورا شروع کئے جانے پر تاکید کی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراق کے وزیر اعظم حیدرالعبادی اتوار کو شمالی عراق کے صوبہ نینوا کے صدر مقام موصل پہنچے اور دہشت گردوں کے قبضے سے اس شہر کی آزادی کا اعلان کیا۔

عراق کے وزیر اعظم نے اتوار کی رات موصل میں عراقی فوج کے کمانڈروں سے ملاقات کے بعد اس شہر کی آزادی کو عراقی فوجیوں کی قربانیوں کا نتیجہ قرار دیا اور کہا کہ عراقی فوجیوں نے اپنی دلیری و بہادری سے دنیا کو حیرت زدہ کر دیا ہے۔
عراقی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق عراق کے مختلف شہروں کے عوام نے اتوار کی رات سڑکوں پر نکل کر موصل کی آزادی کا جشن منایا۔
ایران کے اعلی حکام نے بھی اپنے الگ الگ پیغامات میں مرجع عالیقدر اور عراقی قوم و حکومت کو موصل کی آزادی کی مبارک باد پیش کی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر دفاع حسین دہقان نے عراق کے وزیردفاع محمود عبدالغفور اور عراق کی عوامی رضاکار فورس کے کمانڈر ہادی العامری کے نام مبارکباد کے پیغامات میں کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف متحدہ محاذ کی تشکیل اور حکومت کے حقیقی عزم و ارادے کے بغیر دہشت گردی کو شکست نہیں دی جا سکتی اور موصل میں حاصل ہونے والی عظیم کامیابی عراق میں امریکہ اور صیہونی حکومت کی سازشوں کی ناکامی پر منتج ہوئی ہے۔
ایران کے وزیر دفاع نے اس کے ساتھ ہی اعلان کیا کہ تہران عراق کے ساتھ دفاعی، فوجی اور سیکورٹی تعاون کو فروغ دینے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف نے بھی عراقی وزیراعظم حیدرالعبادی، عراق کے وزیردفاع محمود عبدالغفور عبدالحیالی اور عوامی رضاکار فورس کے کمانڈر ہادی العامری کے نام اپنے الگ الگ پیغامات میں دہشت گرد گروہ داعش کے قبضے سے عراقی شہر موصل کی آزادی کی مبارک دی۔
ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے بھی اپنے پیغام مبارک باد میں کہا ہے کہ کہ موصل کی آزادی دینی مرجعیت کی معنوی ہدایت، حکومت کی حکمت و تدبیر اور عراقی فوج و رضاکار فورس کے جوانوں کی جانفشانی کا نتیجہ ہے اور موصل کی آزادی نے ملت عراق کے خلاف داعش کے وحشیانہ جرائم و اقدامات اور موجودگی کا سلسلہ ختم کردیا ہے۔
علی شمخانی نے مزید کہا کہ علاقے کے بعض ممالک اور طاقتوں کے مطالبات کے برخلاف عراق کی مقامی توانائیوں اور صلاحیتوں سے استفادہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قابل اعتماد اور کامیاب تجربہ رہا ہے۔
ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے امید ظاہر کی کہ ہم جلد ہی عالمی سطح پر بھی عراق کو نیابتی جنگوں اور سازشوں کے مقابلے میں استقامت و پائداری کا کامیاب نمونہ بن کر ابھرتے ہوئے دیکھیں گے۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169