8 مارچ 2017 - 19:45
اسلامی ممالک کے شہریوں پر سفری پابندیاں ٹرمپ کی واضح اسلام دشمنی: آغا حسن

جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے آیام فاطمیہؑ کی مجالس کا سلسلہ جاری ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر/جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے آیام فاطمیہؑ کی مجالس کا سلسلہ جاری ہے۔ اس مناسبت سے تنظیم کے اہتمام سے دندوسہ بڈگام میں مجلس عزا کا انعقاد کیا گیا۔ خاتون جنتؑ کی شہادت سے جُڑے واقعات اور مصائب کے حوالے سے مرکزی ذاکرین نے مرثیہ خوانی کی اور عقیدت مندوں نے اشک ہائے عقیدت نذر کئے۔ انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور سینئر حریت رہنما حجة الاسلام والمسلمین آغاسید حسن الموسوی الصفوی نے عقیدت مندوں سے خطاب کرتے ہوئے جناب فاطمة الزہراؑ کی شان و عظمت اور سیرت طیبہ بیان کی۔ اس موقعہ پر آغا صاحب نے وادی کے طول و عرض میں جاری خونین واقعات اور فورسز و عساکر کے درمیان تصادم آرائیوں میں شہری ہلاکتوں کے لامتناعی سلسلہ کو تنازعہ کشمیر سے متعلق بھارت کی غیرحقیقت پسندانہ روش اور مذاکراتی عمل کی اہمیت سے انکار کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہدائے کشمیر کا لہو ضرور رنگ لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فورسز کو انسانیت کُش ہتھیاروں سے لیس کرنے سے تحریک کے ساتھ عوام کی وابستگی متزلزل نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ مذاکراتی عمل کی اہمیت سے بھارت کا دوٹوک انکار متکبرانہ سوچ و اپروچ کا آئینہ دار ہے۔ آغا صاحب نے ٹرمپ انتظامیہ کی طرف سے کئی اسلامی ممالک کے شہریوں پر امریکہ میں داخلے پر قدغن کواسلام دشمنی کا واضح ثبوت قرار دیا۔ آغاصاحب نے کہا کہ دہشتگردی کے نام پر ٹرمپ انتظامیہ نے اُن ہی اسلامی ممالک پر سفری پابندیاں عائد کی جو ممالک دہشتگردی کے سب سے زیادہ شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کا یہ فیصلہ دراصل اسرائیل کی خوشنودی کیلئے کیاگیا ہے، کیونکہ جن اسلامی ممالک پر سفری پابندیاں عائد کی گئی وہ ممالک خطے میں امریکہ کی نظر میں اسرائیلی عزائم کیلئے سدراہ ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲