5 مارچ 2017 - 16:41
شام سے متعلق جنیوا مذاکرات ختم

جنیوا مذاکرات میں شامی حکومت کے وفد کے سربراہ نے کہا ہے کہ ان مذاکرات میں چار اہم موضوعات منجملہ دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے پر جو دمشق حکومت کا اصل مطالبہ تھا اتفاق ہوا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق جنیوا مذاکرات میں شامی حکومت کے وفد کے سربراہ اور اقوام متحدہ میں شام کے مستقل مندوب بشار جعفری نے ہفتے کو جنیوا مذاکرات کے اختتام پر ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ آئندہ اجلاس کے ایجنڈوں کے بارے میں بھی اتفاق ہوگیاہے۔

شامی حکومت کے وفد کے سربراہ نے اس بات پر زوردیتے ہوئے کہ سعودی عرب کے حمایت یافتہ مخالفین کے وفد میں سیاسی شعور نہیں پایا جاتا کہا کہ شام کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسٹیفن ڈی میستورا مختلف مخالف گروہوں کو ایک منظم گروہ کی شکل نہیں دے سکے۔

بشار جعفری کا کہنا تھا کہ جنگ بندی کے لئے صرف انہی گروہوں سے اتفاق ہوا جو آستانہ مذاکرات میں شریک تھے اور قطر و سعودی عرب کے حمایت یافتہ گروہوں نے جنگ بندی کو مسترد کردیا اور وہ جنگ بندی میں شامل نہیں ہوئے ہیں۔

شامی حکومت کے نمائندہ وفد کے سربراہ نے کہا کہ ہم اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ شام میں سیاسی خلا پیدا ہو اور بدامنی کا سلسلہ جاری رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جنیوا مذاکرات کا اہم ترین ثمرہ ایک ایجنڈے پر متفق ہونا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئے آئین اور انتخابات جیسے معاملات پر آئندہ اجلاس میں بات چیت کئے جانے پر اتفاق ہوگیا ہے۔

۔۔۔۔۔

/169