20 دسمبر 2016 - 11:41
 تاج الدین ہلالی: ہم سب کو اہل بیت(ع) کا اتباع کرنا چاہیے/ امام خمینی کا راستہ جاری رکھنا ہمارا فریضہ ہے

شیخ تاج الدین ہلالی نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ قرآن اور اہل بیت(ع) انسان کو خدا سے متصل کرتے ہیں کہا: ہم قرآن کو اہل بیت اور اہل بیت کو قرآن سے سمجھتے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسٹریلیا کے شہر سیڈنی سے تعلق رکھنے والے اہل سنت کے مفتی نے اراک کے حوزہ علمیہ خاتم الانبیاء میں طلاب سے گفتگو میں کہا: انسان اس وقت تک اللہ کے نزدیک مقام حاصل نہیں کر سکتا جب تک اللہ کی توحید اور حضرت محمد مصطفیٰ (ص) کی نبوت کا قائل ہو۔
شیخ تاج الدین ہلالی نے مزید کہا: مسلمان اس وقت مسلمان ہے جب وہ اللہ کی کتاب اور پیغمبر کی عترت پر ایمان رکھتا ہو۔ زمین و آسمان میں اللہ کی نعمتیں فراوان ہیں اور خداوند عالم نے ہر طرح کی نعمتیں انسان کے اختیار میں دی ہیں لیکن قرآن کریم کی اس آیت کے مطابق، ’’الیوم اکملت لکم دینکم و اتممت علیکم نعمتی‘‘  اسلام کو مکمل نعمت قرار دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا: اگر کلمہ لا الہ الا اللہ کو ترازو کے ایک پلے اور دیگر تمام چیزوں کو ترازو کے دوسرے پلے میں رکھیں تو لا الہ الا اللہ کا پلہ بھاری ہو گا اور ہمیں مبلغین دین ہونے کے عنوان سے کلمہ توحید کو پوری دنیا میں سربلند کرنا چاہیے۔
اسٹریلیا کے مفتی نے کہا: نعمت صرف اچھی بیوی، اچھا گھر اور گھر کا نیا سامان نہیں ہے بلکہ سب سے بڑی نعمت، اسلام اور توحید ہے۔
انہوں نے عالم اسلام میں تکفیری ٹولوں کے ظلم و تشدد کی طرف اشارہ کیا اور کہا: ہم اگر غیر مسلمانوں کو اسلام کی طرف دعوت کرنا چاہتے ہیں تو یہ تکفیری ٹولے ہمارے سد راہ بے ہوئے ہیں جو اللہ اکبر اور لاالہ الا اللہ پڑھ کر مسلمانوں کا سر قلم کرتے ہیں۔
شیخ تاج الدین ہلالی نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ قرآن اور اہل بیت(ع) انسان کو خدا سے متصل کرتے ہیں کہا: ہم قرآن کو اہل بیت اور اہل بیت کو قرآن سے سمجھتے ہیں۔ یہ دونوں ایک دوسرے سے جدا نہیں ہوں گے جب تک کہ حوض کوثر پر پیغمبر کے پاس نہ پلٹ جائیں۔ لہذا اگر انسان قرآن اور اہل بیت(ع) سے رشتہ نہ جوڑ سکا خدا سے متصل نہیں ہو پائے گا۔
انہوں نے مزید کہا: رسول خدا (ص) کی سنت کو صرف اہل بیت سے سمجھا جا سکتا ہے۔ اگر ہم شیعہ ہیں سنی ہیں سلفی ہیں قرآن والے ہیں تو ہمیں اہل بیت کی طرف رجوع کرنا ہو گا دنیا و آخرت اہل بیت(ع) کے پاس ہے۔ ہم سب کو اہل بیت(ع) کا اتباع کرنا ہو گا۔
انہوں نے آخر میں دینی طالبعلموں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا: اگر انسان آسمان سے متصل ہونا چاہتا ہے خدا سے رابطہ برقرار کرے، نمازوں کو مخصوصا نماز صبح کو اول وقت ادا کرے اور آپ کے لیے یہ جو فرصت مہیا ہوئی ہے اس میں امام خمینی کے راستے کو جاری رکھیں۔
قابل ذکر ہے کہ اراک کی یونیورسٹی نے اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی اور دیگر ثقافتی اداروں کے تعاون سے امام خمینی اور رہبر انقلاب اسلامی کے افکار میں اسلامی مذاہب کی تقریب کے زیر عنوان پہلی قومی کانفرنس منعقد کی ہے جس میں ایران کے علماء اور دانشوروں کے علاوہ غیر ملکی دانشوروں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲