اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق میخائل بوگدانوف اور حسین جابری انصاری کے درمیان ملاقات میں، شام اور یمن سمیت خطے کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
روس کے نائب وزیر خارجہ اور صدر پوتن کے خصوصی نمائندے نے اس موقع پرشام کے حوالے سے مغربی ملکوں کی پالیسیوں پر کڑی نکتہ چینی کی۔ انہوں کہا کہ مغربی ممالک حلب کے عوام کی مظلومیت کا دم بھر رہے ہیں حالانکہ ان کی وضع کردہ پابندیوں کے نتیجے میں شامی عوام کو شدید ترین اقتصادی اور معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
بحران یمن کا ذکر کرتے ہوئے روس کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ خطے کے بحرانوں کے پائیدار حل کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ حسن جابری انصاری نے اس موقع پر کہا کہ خطے کی صورتحال کے حوالے سے ایران اور روس کے درمیان صلاح و مشورے کا عمل مسلسل جاری رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور روس دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ نے شام میں انسانی امداد کی فراہمی کے میدان میں بھی تہران اور ماسکو کے درمیان تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169