29 نومبر 2016 - 18:37
ایران امت مسلمہ کا وہ چراغ ہے جس کے علم و ادب کی روشنی دور دور تک پھیلی ہوئی ہے: محمد اقبال خان

قونصل جنرل ایران سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ پنجاب کے عوام ایران کے ساتھ پاکستان کے برادرانہ تعلقات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ایران امت مسلمہ کا وہ چراغ ہے جس کے علم و ادب کی روشنی دور دور تک پھیلی ہوئی ہے، ہمیں ایرانی بھائیوں کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات پر فخر ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں سے ایرانی قونصل جنرل آغا بنی اسدی نے اسمبلی چیمبرز میں ملاقات کی ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ حکومت پنجاب صوبے کی معاشی ترقی کے لئے کوشاں ہے، پنجاب میں توانائی، تعلیم، زراعت، لائیواسٹاک اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے لئے بے شمار پر کشش مواقع میسر ہیں جن سے بیرونی سرمایہ کار خاطر خواہ فوائد حاصل کر سکتے ہیں۔ معاشی و اقتصادی میدان میں باہمی روابط سے پاکستان اور ایران کے دوستانہ تعلقات مزید مضبوط ہو سکتے ہیں۔

اسپیکر نے کہا کہ پنجاب کے عوام ایران کے ساتھ پاکستان کے برادرانہ تعلقات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ایران امت مسلمہ کا وہ چراغ ہے جس کے علم و ادب کی روشنی دور دور تک پھیلی ہوئی ہے، ہمیں ایرانی بھائیوں کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات پر فخر ہے، دونوں ممالک کی دوستی لازوال، سمندر کی طرح گہری اور ہمالیہ کی طرح بلند ہے جسے ہمارے تاریخی، ثقافتی، ادبی، معاشی و اقتصادی تعلقات نے چار چاند لگا رکھے ہیں۔ دونوں ممالک لا الہ الا اللہ کے مضبوط رشتے میں بندھے ہوئے ہیں ۔

رانا محمد اقبال خاں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ مستقبل میں پاکستان اور ایران کے باہمی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

ایرانی قونصل جنرل آغا بنی اسدی نے اس موقع پر کہا کہ وہ دونوں ممالک کی ترقی کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نواز شریف کی دونوں ممالک کے تعلقات کو مستحکم کرنے کے لئے کوششیں قابل تحسین ہیں۔

آغا بنی اسدی نے مزید کہا کہ پاکستان اور ایران کو تمام شعبہ ہائے زندگی میں ایک دوسرے کے ماہرین سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲