23 نومبر 2016 - 14:44
ای سی او اور اقوام متحدہ کے درمیان تعاون کی قرارداد اتفاق رائے سے منظور

اقتصادی تعاون کی علاقائی تنظیم ای سی او اور اقوام متحدہ کے درمیان تعاون کی قرارداد اس ادارے کی جنرل اسمبلی نے مکمل اتفاق رائے سے منظور کرلی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ای سی او اور اقوام متحدہ کے درمیان تعاون کی قرارداد دو ماہ کی بحث کے بعد منگل کے روز جنرل اسمبلی میں رائے شماری کے لیے پیش کی گئی تھی جسے ارکان نے مکمل اتفاق رائے سے منظور کر لیا۔ اقوام متحدہ میں ایران کے نائب مندوب غلام حسین دہقانی نے ای سی او اور اقوام متحدہ کے درمیان تعاون کے فروغ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی ادارے کے ساتھ تعاون کی پالیسی، پچھلے تین عشرے کے دوران ای سی او کی ترجیحات میں سرفہرست رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ای سی او ایک جانب علاقائی تعاون کے ڈھانچے کے تحت رکن ملکوں کی ترقی و پیشرفت میں کردار ادا کر رہی ہے تو دوسری جانب عالمی سطح پر اپنے کردار کے ذریعے، ای سی او کے پورے علاقے میں عالمی پروگراموں کو عملی جامہ پہنانے میں معاونت کر رہی ہے۔
اقوام متحدہ میں ایران کے نائب مندوب نے کہا کہ ای سی او نے اپنے قیام سے لیکر آج تک اقتصادی اور غیر اقتصادی دونوں شعبوں میں رکن ملکوں کے درمیان علاقائی اور عالمی سطح کے تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ مغربی ایشیا، وسطی ایشیا اور قفقاز کے دس رکن ممالک کی یہ تنظیم یورپ کو چین ، روس اور خلیج فارس سے ملاتی ہے۔
ایران ،ترکی، پاکستان، افغانستان، جہموریہ آذربائیجان، قزاقستان ترکمانستان، کرغیزستان، ازبکستان اور تاجکستان ای سی او کے رکن ممالک ہیں اور اسلامی جمہوریہ ایران اس وقت اس تنظیم کی سربراہی کر رہا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169