اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ نائیجیریا کے شہر کانو میں ایام اربعین کی مناسبت سے نکالے گئے جلوس عزا پر پولیس اور سکیورٹی دستوں کے وحشیانہ حملے اور دسیوں شیعہ مسلمانوں کا قتل عام کئے جانے کے خلاف اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی نے ایک مذمتی پیغام جاری کر کے اس بہیمانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے اس پیغام میں آیا ہے کہ ایک طرف نائیجیریا کی فوج اس ملک میں مظلوم شیعہ مسلمانوں کا قتل عام کر رہی ہے اور دوسری طرف انسانی حقوق کی تنظمیں، اسلامی ممالک اور عالم اسلام محض تماشا دیکھ رہا ہے۔
اس پیغام میں مزید آیا ہے کہ نائیجیرین فوج کی یہ جارحانہ کاروائی ایسے عالم میں سامنے آئی ہے کہ اس ملک کے شیعہ مسلمان اپنے مذہی رسومات کو انجام دیتے ہوئے اربعین حسینی کے ایام میں پر امن جلوس عزا نکال رہے تھے جبکہ فوج نے ان پر گولیوں کی برسات کر کے دسیوں بے گناہ عورتوں مردوں اور بچوں کو شہید کر دیا۔
اسمبلی کے پیغام میں مزید کہا گیا ہے کہ اس ملک میں شیعوں کو دبانے کا یہ ظالمانہ طریقہ کار گزشتہ دو سالوں سے جاری ہے گزشتہ سال بھی اسی فوج نے زاریا کی امام بارگاہ پر حملہ کر کے ایک ہزار افراد کو شہید اور زخمی جبکہ ان کے رہنما شیخ زکزاکی کو زخمی حالت میں گرفتار کیا تاھم انہیں رہا نہیں کیا گیا۔
اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی نے اس جارحیت اور وحشیانہ حرکت کی شدید مذمت کرتے ہوئے علمائے کرام، اسلامی تنظیموں اور انسانیت کا درد رکھنے والے انسانوں سے مطالبہ کیا ہے کہ اس طرح کے انسانیت مخالف اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے ان کے عاملین کے خلاف صدائے احتجاج بلند کریں تاکہ نائیجیریا کی حکومت انہیں کیفر کردار تک پہنچائیں اور شیخ زکزاکی کو رہا کرے اور آئندہ اس طرح کے اقدامات سے پرہیز کرے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲