9 نومبر 2016 - 12:06
امریکی سینٹ کے انتخابات میں بھی ریپبلکنز کو ڈیموکریٹس پر برتری حاصل

امریکی کانگریس میں ریپبلکنز نے اکثریت حاصل کر لی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق امریکہ میں تخمینہ لگایا جا رہا ہے کہ اس بار بھی امریکی کانگریس میں رپبلکنز نے اکثریت حاصل کرلی ہے۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے ابتدائی تخمینے کے مطابق امریکی کانگریس کی چار سو پینتیس نشستوں میں سے ریپبلکنز نے دو سو اٹھارہ نشستیں حاصل کر لی ہیں جبکہ موجودہ صورت حال کے مطابق کانگریس کی دو سو سینتالیس نشستیں ریپبلکنز اور ایک سو اٹھّاسی نشستیں ڈیموکریٹس کے اختیار میں ہیں۔ سینٹ کے انتخابات میں بھی ووٹوں کی گنتی سے پتہ چلتا ہے کہ ریپبلکنز کو ڈیموکریٹس پر برتری حاصل ہے اور اب تک وہ سینٹ کی سو نشستوں میں سے سینتالیس نشستوں پر کامیابی حاصل کر چکے ہیں جبکہ بیالیس نشستیں، ڈیموکریٹس کے اختیار میں ہیں۔ دوسری جانب صدارتی انتخابات میں ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے اور اب تک کے نتائج کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک سو سڑسٹھ اور ہلیری کلنٹن نے ایک سو اکتّیس الیکٹورل ووٹ حاصل کئے ہیں جبکہ وائٹ ہاؤس میں پہنچنے کے لئے کم از کم دو سو ستّر الیکٹورل ووٹ حاصل کرنا ہوں گے۔ واضح رہے کہ امریکہ کی پچاس ریاستوں میں کل منگل کے روز صدارتی انتخابات ہوئے ہیں۔

.......

/169