اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراقی فوج کے ایک کمانڈر ثامر الحسینی نے گذشتہ رات کہا کہ عراقی فوجیوں نے شہر حمام العلیل کے علاقے صلاحیہ کو اپنے محاصرے میں لے لیا ہے- عراق کی عوامی رضا کار فورس نے بھی موصل کے جنوبی اور مغربی علاقوں عطاسہ ، قزیل السلفی ، الرکی جنوبی ، جھیتہ ، اور الجھونی کو داعش دہشتگردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے اس کاروائی میں ایک سعودی دہشتگرد سمیت متعدد دہشتگرد ہلاک کردیئےعراق کی فیڈرل پولس کے سربراہ شاکر جودت نے بھی ایک ہزار سے زائد داعشیوں کی ہلاکت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ موصل کے جنوبی علاقوں میں کاروائی کے آغاز کے وقت سے اب تک چوہتر دیہی علاقے آزاد کرالئے گئے اور ساڑھے چار ہزار گھرانوں کو نا امن علاقوں سے نکال لیا گیا ہے-
موصل کی کاروائی کے آغاز کے ساتھ ہی موصل شہر کے بہت سے علاقوں کے عوام داعش کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اور کہا ہے کہ وہ موصل سے داعشیوں کا صفایا کرکے دم لیں گے- صوبہ نینوا کے ایک سیکورٹی ذریعے نے اعلان کیا ہے کہ موصل کے عوام نے اس شہر کے مغربی علاقے میں داعش دہشت گرد گروہ کے اہم جیل پر قبضہ کرلیا ہے اور پینتالیس قیدیوں کو آزاد کرا لیا ہے -
موصل کو آزاد کرانے کی کاروائی میں عراق کی سیکورٹی فورسیز کا، عوام ایسے وقت میں ساتھ دے رہے ہیں کہ دہشت گرد عناصر عام شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں- اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بھی موصل میں عام شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استمعال کرنے کے داعش کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے عراقی فوج سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ لازمی تدابیر اختیار کرکےعام شہریوں کو نقصان پہنچنے سے محفوظ رکھے-اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کمیشن کی ترجمان راوینا شامداسانی نے بھی داعش کے ہاتھوں عام شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے پر خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ داعش دہشتگردوں نے سترہ اکتوبر یعنی موصل کی کاروائی کے آغاز سے اب تک ایک ہزار چھ سو عراقیوں کو شام منتقل کرنے کے بہانے،حمام العلیل شہر سے موصل منتقل کردیا ہے اور انہیں انسانی ڈھال کے طور پراستعمال کر رہا ہے-واضح رہے کہ شمالی عراق کے صوبہ نینوا کے مرکز موصل کی آزادی کی کاروائی سترہ اکتوبر سے عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی کے حکم سے شروع ہوئی ہے اور اب تک عراقی فوج ، عوامی رضاکار فورس اور کرد پیشمرگہ ملیشیا کو اس میں اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں اور ان کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے-
۔۔۔۔۔۔۔
/169