اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے تین نئے نامزد وزراء کے لئے اعتماد کا ووٹ لینے کے سلسلے میں پارلیمنٹ کے اجلاس میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ ایرانو فوبیا کی باتیں کرتے تھے آج ان کی زبانیں بند ہو گئی ہیں- ان کا کہنا تھا کہ آج دنیا کے سبھی بین الاقوامی مالیاتی ادارے اور بینک یہ سمجھتے ہیں کہ علاقے میں غیرملکی سرمایہ کاری کرنے کے لئے ایران سب سے زیادہ پرامن ملک ہے-
صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے مشترکہ جامع ایکش پلان کو دنیا کے دیگر ملکوں کے ساتھ تعمیری تعاون اور عالمی منڈیوں میں ایران کی بھرپور شرکت کے لئے ایرانی عوام کا بہترین انتخاب قرار دیا اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران جہاں ایٹمی ٹیکنالوجی کے میدان میں روز بروز کامیابی حاصل کررہا ہے وہیں ایران کے ساتھ بین الاقوامی بینکوں کے تعلقات بھی تیزی کے ساتھ فروغ پا رہے ہیں-
صدر مملکت نے کہا کہ آج دیگر ممالک نے ایران کے خلاف پابندیوں کی باتیں کرنا بند کر دی ہیں اور ایران کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کے لئے ایک دوسرے سے پر سبقت لے جانے کی کوشش کر رہے ہیں-
صدر مملکت حسن روحانی نے پارلیمنٹ اور حکومت کے مابین باہمی تعاون اور ہم آہنگی کو عوام کے لئے انتہائی سود مند بتایا اور پارلیمنٹ میں اپنے تین نئے نامزد وزرا کے پروگراموں کا دفاع کرتے ہوئے کہاکہ وزارت تعلیم ، ثقافت و ارشاد اسلامی اور کھیل و نوجوانوں کے امور کی وزاراتیں وہ محکمے ہیں جنھیں معاشرے میں عدل و انصاف کے قیام اور نوجوانوں اور بچوں کی تربیت کی ذمہ داری سب سے زیادہ نبھانی ہوتی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲