29 اکتوبر 2016 - 09:43
ترکی میں سرحدی فورس کے ایک سو ترپن اور کوسٹ گارڈ فورس کے ایک سو بارہ اہلکار برطرف

ترک ذرائع کے مطابق حکومت نے مزید دوسو ساٹھ فوجیوں کو ملازمت سے برخاست کردیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ترک وزارت داخلہ نے جمعے کے روز، سرحدی فورس کے ایک سو ترپن اور کوسٹ گارڈ فورس کے ایک سو بارہ اہلکاروں کو فتح اللہ گولن کی تحریک کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے تحت ملازمت سے برطرف کرنے کا حکم دیا ہے۔

اس سے قبل کی خبروں میں کہا گیا تھا کہ ترک فوج کے تہتر پائلٹوں کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کردیئے گئے ہیں۔ ان پائلٹوں پر فتح اللہ گولن کی تنطیم سے تعلق کا الزام ہے جسے صدر اردوغان کی حکومت ملک میں ہونے والی ناکام فوجی بغاوت کا ذمہ دار قرار دیتی ہے۔

فتح اللہ گولن ناکام فوجی بغاوت میں اپنے کردار سے انکار کرچکے ہیں۔ترکی میں پندرہ جولائی کی ناکام فوجی بغاوت کے بعد سے اب تک پینتس ہزار افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے جبکہ ایک لاکھ سے زائد سرکاری ملازمین کو برطرف کردیا گیا ہے، جن میں سول انٹیلی جینس، پولیس ، عدلیہ، اور فوج کے اہلکار بھی شامل ہیں۔

حکومت ترکی نے ناکام فوجی بغاوت کے بعد سے ملک بھر میں فتح اللہ گولن کی تنظیم کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ تیز کردیا ہے اور سرکاری ادروں سے خدمت تحریک کے حامیوں کو چن چن کر نکالا جارہا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169