23 اکتوبر 2016 - 17:58
ایران اور جرمنی کے درمیان ٹرانسپورٹ بندرگاہوں کے شعبے میں چھے یادداشتوں پر دستخط

ایران اور جرمنی نے ٹرانسپورٹ بندرگاہوں کی توسیع کے شعبے میں تعاون کی چھے یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ٹرانسپورٹ اور بندرگاہوں کی توسیع سے متعلق ایران اور جرمنی کے درمیان تعاون کی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب تہران میں منعقد ہوئی جس میں دونوں ملکوں کے وزرائے نقل و حمل بھی شریک تھے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے ٹرانپسورٹ اور شہری ترقی کے وزیر عباس آخوندی نے اس موقع پر کہا کہ تہران اور برلن نے باہمی تعاون کا بہترین آغاز کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چابہار اور بندرعباس کی بندرگاہوں کی توسیع، تہران اھواز اور تبریز کے درمیان مواصلاتی نظام کا مطالعہ اور تہران تبریز تیز رفتار ریلوے ٹریک بچھانے کا منصوبہ بھی ایران اور جرمنی کے درمیان طے پانے والے سمجھوتوں میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور جرمنی کے درمیان ہفتے میں تیس پروازوں کی گنجائش موجود ہے اور اس منصوبے پر بھی تیزی کے ساتھ کام ہورہا ہے۔ جرمنی کے وزیر ٹرانسپورٹ الیکزینڈر ڈوبرینڈ نے اس موقع پر کہا کہ ایران اور جرمنی طے شدہ سمجھوتوں پر تیزی کے ساتھ عملدرآمد کی کوشش کر رہے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲