17 اکتوبر 2016 - 11:17
بریکس اجلاس سے ہندوستانی وزیر اعظم کا خطاب

ہندوستان کے وزیر اعظم نے بریکس اجلاس کی اختتامی تقریر میں کہا ہے کہ دہشت گردی کے مقابلے پر تمام رکن ممالک متفق ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے وزیر اعظم نے کہا کہ بریکس تنظیم کے تمام ارکان نے اس بات پر اتفاق رائے حاصل کرلیا ہے کہ ان لوگوں کا مقابلہ کیا جائے گا جو دہشت گردی اور شدت پسندی کی سرپرستی اور حمایت کرنے کے علاوہ اس کی اشاعت کا بھی باعث بنے ہوئے ہیں کیونکہ ان کے بقول یہ مسئلہ خود دہشت گردی جتنا خطرناک ہے۔ نریندر مودی نے کہا کہ اجلاس کے دوران عالمی معیشت کو بحال کرنے کی کوششوں پر بھی اتفاق رائے حاصل کیا گیا۔ انہوں نے اجلاس کو تفصیلی، اہم اور موثر قرار دیا۔ ہندوستان کے وزیر اعظم نے بتایا کہ مارکیٹ کے اصولوں پر منطبق بریکس تنظیم کی ایک اقتصادی ریٹنگ ایجنسی قائم کی جائے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ گوا اجلاس میں بریکس معاہدے اور بین الاقوامی قوانین کے تحت، تعاون کا ایک جامع مستقبل دیکھا جا رہا ہے ۔ اس سے قبل ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے نام لئے بغیر پاکستان پر سخت نکتہ چینی کی۔ انہوں نے کہا تھا کہ ہندوستان کے ہمسائگی میں ایسے ممالک موجود ہیں جو نہ صرف دہشت گردی کی سرپرستی کر رہے ہیں بلکہ دہشت گردی کو اپنے سیاسی مفادات حاصل کرنے کے لئے بھی استعمال کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ بریکس تنظیم کے آٹھویں سربراہی اجلاس کے دوران علاقائی سیکورٹی کے علاوہ ماحولیاتی تبدیلی اور عالمی تجارتی ماحول کی مشکلات اور اس کے راہ حل پر بھی غور کیا گیا۔ یاد رہے کہ بریکس رکن ممالک کی مجموعی آبادی دنیا کی پچاس فیصد آبادی پر مشتمل ہے۔ برازیل، روس، ہندوستان، چین اور جنوبی افریقہ اس تنظیم میں شامل ہیں جن کی مجموعی قومی پیداوار سولہ ہزار ارب ڈالر قرار دی گئی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169