10 اکتوبر 2016 - 13:39
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں جلوس عزا پر سیکورٹی فورس کا حملہ

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں فوج اور سیکورٹی اہلکاروں نے عزاداروں پر حملہ کر کے متعدد افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق، وادی کشمیر میں محرم الحرام کے جلوسوں پر پابندی کا سلسلہ پچھلے ستائیس برسوں سے جاری ہے تاہم لوگوں کی بڑی تعداد نے کرفیو اور بندشوں کی پرواہ کیے بغیر کئی علاقوں میں جلوس عزا برآمد کرنے کی کوشش جسے سیکورٹی فورس نے ناکام بنا دیا۔

سری نگر سے ہمارے نمائندے کے مطابق حکام نے رات گئے ان تمام شاہراہوں کو سیل کر دیا تھا جہاں سے آٹھ محرم کا مخصوص جلوس برآمد ہونا تھا جبکہ شہید گنج اور گرو بازار میں کرفیو نافذ کر دیا گیا تھا۔ سری نگر کے لال چوک کے اطراف میں بکتر بند گاڑیاں تعینات کر دی گئی تھیں۔

سخت بندشوں کے باوجو بٹمالو کے علاقے میں سیکڑوں عزاداروں نے جلوس عزا برآمد کیا اور لبیک یا حسین کے نعرے بلند کیے۔ پولیس نے عزاداروں پر لاٹھی چارج کیا، آنسوگیس کے گولے پھینکے اور یہ سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے اسی سے زائد عزاداروں کو گرفتار بھی کر لیا ہے۔ حکام نے وادی کے شیعہ رہنماؤں کو پہلے ہی ان کے گھروں میں نظر بند کر رکھا ہے۔ حریت کانفرنس سمیت تمام کشمیری رہنماؤں نے عزاداروں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے جلوس عزا پر پابندی کو مداخلت فی الدین قرار دیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ حکام نے ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں ستائیس برسوں سے عزاداری کے مرکزی جلوسوں پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

.....

/169