اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر، لیاقت بلوچ، علامہ ساجد علی نقوی، مولانا امجد خان، حافظ عبدالرحمن مکی، سید ہارون علی گیلانی، سید نیاز حسین نقوی، حافظ عاکف سعید، سید ثاقب اکبر، سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، خرم نواز گنڈا پور، قاری محمد یعقوب شیخ، سید لطیف الرحمن شاہ، مولانا اللہ وسایا، پیر عبدالرحیم نقشبندی، علامہ امین شہدی، انجینئر ابتسام الہٰی ظہیر، حافظ عبدالغفار روپڑی، پیر سید محفوظ شاہ، پروفیسر محمد ابراھیم، قاضی ظفر الحق، مولانا زاہد الراشدی نے کہا کہ نواسہ رسول حضرت امام حسینؑ نے کربلا کے میدان میں نانا جان کے دین کی خاطر اپنا سب کچھ قربان کیا جو امت مسلمہ کیلئے سبق ہے کہ دین کی حفاظت کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کریں، آج دشمنان اسلام کی سازشیں عروج پر ہیں اور اسلام کو نقصان پہنچانے اور اسلام کے نام پر حاصل کردہ اس مملکت پاکستان کو ختم کرنے کیلئے مسلمانان پاکستان کو باہم دست و گریباں کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں اور فرقہ وارانہ آگ بھڑکا کر ملک کو تباہ کرنے کے مکروہ منصوبہ بنا رہے ہیں، امت مسلمہ کا فرض ہے کہ محرم الحرام کے مقدس مہینے میں اتحاد و اتفاق کی فضاء کو برقرار رکھے اور دشمنان اسلام کی سازشوں کو ناکام بنا دے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کے جنرلوں نے مودی کو مشورہ دیا ہے کہ پاکستان پر کھلا حملہ کرنے کی بجائے راء کے ذریعہ پاکستان میں افراتفری پیدا کرکے اور مسلمانوں کے درمیان خونریزی بڑھا کر پاکستا ن کو اندر سے کمزور کر دیا جائے، لہذا پاکستان کے باہمت شہری آپس میں باہم اتحاد و اتفاق قائم رکھیں اور بھارت کو اس محاذ پر بھی شکست سے دوچار کریں۔
.......
/169