9 اکتوبر 2016 - 16:53
امام حسین علیہ السلام پوری دنیا کے حریت پسندوں کے لئے بہترین نمونہ عمل ہیں: صدر

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام پوری دنیا کے حریت پسندوں کے لئے بہترین نمونہ عمل ہیں-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق صدرمملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کوالالامپور میں اپنے قیام کے دوران وہاں مقیم ایرانیوں کے ایک پروگرام کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام حسین علیہ السلام پوری دنیا کے حریت پسندوں کے لئے بہترین نمونہ عمل ہیں - انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے درمیان اور حتی غیرمسلموں سے بھی مسلمانوں کا تعلق اور رشتہ برقرار رکھنے میں عزاداری سید الشہدا کا بہت اہم کردار ہے -

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا کہ ایران کے عوام نے اسلامی انقلاب اور پھر ایران پر مسلط کی گئی جنگ کے دوران امام حسین علیہ السلام کے بابرکت نام اور عاشورا کی تعلیمات کی بدولت بڑی طاقتوں کے مقابلے میں فتح حاصل کی - انہوں نے کہا کہ عاشورا کی تعلیمات سے حاصل کیا گیا جوش و جذبہ اور ایمان ، ایرانی عوام کی کامیابی کا باعث بنا اور آج بھی ہم عاشورا کی ان ہی تعلیمات پرعمل پیرا رہ کر دیگر مشکلات پر بھی غلبہ حاصل کرلیں گے -

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے بیرون ملک مقیم ایرانیوں کو قومی سرمایہ اور ایرانی عوام اور جس ملک میں ایرانی شہری مقیم ہیں، اس ملک کے عوام کے مفادات کو ایک دوسرے سے جوڑنے والےمحرک سے تعبیر کیا اور کہا کہ سب کو چاہئے کہ اسلامی اخلاق و کردار کے ذریعے ایران کی عزت اور ایرانی عوام کے مفادات کی حفاظت کریں اوریہ ایک بڑی ذمہ داری ہے -

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ عالم اسلام کو آج سب سے زیادہ اتحاد، اسلامی اخلاق ، پیغمبراسلام صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت کی پیروی اور قرآن کریم کی آیات کو سمجھنے کی ضرورت ہے -

۔۔۔۔۔۔۔

/169