اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ہندوستانی فوج کی آپریشنل کمان کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل رنویر سنگھ نے نئی دہلی میں وزارت خارجہ کے ترجمان سوروپ کمار کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ہندوستانی فوجیوں نے کشمیر میں لائن آف کنٹرول کی دوسری جانب گھس کر بقول ان کے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خلاف سرجیکل آپریشن کیا جس میں متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا-
ہندوستانی فوج اور وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ سرجیکل آپریشن بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات انجام پایا-
ہندوستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے اس سرجیکل آپریشن کے بارے میں صدر پرنب مکھرجی، نائب صدر حامد انصاری اور سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کو بھی اطلاع دی- ہندوستانی فوج کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشن جنرل رنویر سنگھ نے کہا کہ اس سرجیکل آپریشن کے بارے میں پاکستان کو بھی اطلاع دے دی گئی-
ہندوستانی میڈیا کی خبروں کے مطابق سرجیکل آپریشن یہ مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد کیا گیا کہ دہشت گرد عناصر، پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے قریب ڈیرہ جمائے ہوئے ہیں- البتہ ابھی تک یہ نہیں بتایا گیا کہ کارروائی کس مقام پر اور رات میں کس وقت کی گئی-
ہندوستانی فوج کے ڈی جی ایم او نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ فوج نے لائن آف کنٹرول کے اس پار دہشت گردوں کے لانچ پیڈوں پر حملے کئے اور ان کے دو ٹھکانوں کو تباہ کر دیا-
جنرل رنویر سنگھ نے کہا کہ بقول ان کے سرحد کے اس پار دہشت گردوں کو سرگرم ہونے کی اجازت نہیں دیں گے- ان کا کہنا تھا کہ ہمارا یہ آپریشن مکمل ہو گیا ہے اور آگے کے بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے-
دوسری جانب پاکستانی فوج نے ہندوستان کے اس اعلان کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی سرجیکل آپریشن انجام نہیں پایا ہے-
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان کی جانب سے کوئی سرجیکل آپریشن نہیں کیا گیا بلکہ ہندوستانی فوج نے بلااشتعال فائرنگ کی-
پاکستانی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستانی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کا پاکستانی فوج نے سخت جواب دیا-
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہندوستان کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کو سرجیکل آپریشن کا نام دینا سچائی کو توڑ مروڑ کر پیش کرنا ہے- آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ ہندوستان کا یہ دعوی کہ اس نے مشتبہ حملہ آوروں کے لانچ پیڈوں کو تباہ کیا ہے، جھوٹ پر مبنی ہے-
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر پاکستان کی سرزمین پر سرجیکل آپریشن کیا گیا تو سخت جواب دیا جائے گا- پاکستان نے کہا کہ ہندوستانی فوج کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی رات ڈھائی بجے سے شروع ہوئی جو بدھ کی صبح آٹھ بجے تک جاری رہی-
پاکستان کے ذرائع ابلاغ نے یہ بھی خبر دی ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے بھی ایل او سی پر ہندوستانی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کی مذمت کی ہے- پاکستانی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہماری پرامن ہمسائیگی کی پالیسی کا غلط مطلب نہ نکالا جائے-
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوج ملک کی خود مختاری کا دفاع اور سرحدوں کی حفاظت کی پوری صلاحیت رکھتی ہے- پاکستان نے یہ بھی کہا ہے کہ ہندوستانی فوج کی فائرنگ میں دو پاکستانی فوجی مارے گئے ہیں- اس درمیان ہندوستان نے بھی کہا ہے کہ پاکستانی فوج نے نوگام سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کر کے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے-
ادھر سری نگر سے ہمارے نمائندے نے خبر دی ہے کہ لائن آف کنٹرو کے آس پاس کے علاقوں کے حالات سخت کشیدہ ہیں اورمقامی لوگوں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے- ہمارے نمائندے نے بھی کہا کہ دونوں جانب سے ایک دوسرے پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا جا رہا ہے جبکہ حد متارکہ پر جنگ جیسا ماحول ہے-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲