اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ یمنی پارلیمنٹ کے اسپیکر یحی علی الراعی نے اپنے ایرانی ہم منصب ڈاکٹر علی لاریجانی کے نام ایک خط میں درخواست کی ہے کہ سعودی جارحیت بند کرانے اور اقتصادی محاصرہ ختم کرانے کے لئے ان کے ملک کی مدد کی جائے۔ یمنی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے اس خط میں اپنے ملک میں اعلی سیاسی کونسل کی تشکیل اور آئین کے تحت جارح دشمن کا مقابلہ کرنے کی غرض ملک گیر عوامی کانفرنس کے انعقاد کی جانب بھی اشارہ کیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ بعض عرب ممالک اور عالمی طاقتیں اپنے مفادات کی خاطر یمنی پارلیمنٹ کی قانونی حیثیت اور جواز کو بھی مخدوش کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ یمنی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے اپنے خط میں مزید کہا ہے کہ جارح ممالک، عالمی رائے عامہ کو گمراہ کرنے کے لئے یمن کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جارح دشمن بےگناہ عورتوں، بچوں اور عام شہریوں کے قتل عام کے ساتھ ساتھ بنیادی تنصیبات کو بھی تباہ کر رہا ہے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب نے امریکہ کی شہ پر اپنے بعض عرب اتحادیوں کے ساتھ مل کر یمن کو وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنا رکھا ہے۔ چھبیس مارچ سے جاری اس جارحیت کے نتیجے میں ہزاروں بے گناہ یمنی شہری شہید اور زخمی ہو چکے ہیں جبکہ اس ملک کی اسّی فی صد بنیادی تنصیبات بھی تباہ ہو گئی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲