اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراقی فوج اور عوامی رضاکارفورس نے اپنی ایک مشترکہ کاروائی میں درجنوں مسلح دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ عراقی فوجیوں نے عوامی رضاکاروں کی مدد سے " ہیت سٹی" کے قریب واقع علاقے " البکر" میں تکفیری دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنادیا ہے کہ جس کے نتیجے میں داعش سے وابستہ کم از کم چالیس دہشت گرد مارے گئے ہیں۔
داعشیوں نے " برافو" نامی فوجی چھاؤنی میں دراندازی کی کوشش کی جسے عراقی فوج اور عوامی رضاکاروں نے اپنی جانفشانی کے ذریعے ناکام بنادیا ہے۔
درایں اثنا ترکی کی خبررساں ایجنسی اناتولی کی رپورٹ کے مطابق عراقی فوج کے ترجمان " یحیی رسول" نے کہا ہے کہ موصل کی آزادی کی کاروائی میں بیرونی افواج کو شرکت کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ داعش کے خلاف فوجی حملے کی منصوبہ بندی کا اختیار وزیراعظم "حیدرالعبادی" کو حاصل ہے۔
"یحیی رسول" نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کاروائیوں میں جو فورسز حصہ لے رہی ہیں ان میں، فوج، انسداد دہشت گردی فورس، وفاقی پولیس، اور' الحشد شعبی" سے موسوم عوامی رضاکار فورس کے دستے شامل ہیں۔
" یحیی رسول" کا کہنا تھا کہ عراق میں موجود بیرونی افواج ، حکومت کی نگرانی میں مقامی افراد کو ٹریننگ دینے، ہتھیار فراہم کرنے اور ضروری اطلاعات کے تبادلے کے مشن پر ہیں۔
.......
/169