17 ستمبر 2016 - 21:00
لندن میں تارکین وطن کی حمایت میں مظاہرے

سیکڑوں برطانوی شہریوں نے تارکین وطن کی حمایت میں مظاہرے کیے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق لندن میں ہونے والے اس مظاہرے میں شریک لوگ وزیراعظم تھریسا مے سے مطالبہ کر ر ہے تھے کہ زیادہ سے زیادہ تارکین وطن کو برطانیہ میں بسانے کی کوشش کی جائے۔ مظاہرین تارکین وطن خوش آمدید جیسے نعرے بھی لگا رہے تھے۔آکسفام سمیت برطانیہ کی ستر سے زائد تنطیموں نے لندن کے عوام سے تارکین وطن کی حمایت میں مظاہرے کی اپیل کی تھی۔ یہ پہلی بار ہے جب لندن کے عوام نے حکومت برطانیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مزید تارکین وطن کو برطانیہ آنے کی اجازت دے۔ اس سے قبل برطانیہ کے وزیر خارجہ بورس جانسن نے کہا تھا کہ ان کا ملک دو لاکھ غیر قانونی تارکین وطن کو جبری طور پر بے دخل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ یورپی یونین کے دیگر ملکوں کے مقابلے میں برطانیہ نے تارکین وطن کی آباد کاری کے حوالے سے انتہائی سخت پالیسیاں اپنا رکھی ہے جس کے سبب اسے یورپی ملکوں کی سخت تنقید کا بھی سامنا ہے۔ برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن نے فلورنس میں اپنے اطالوی ہم منصب کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دو لاکھ غیرقانونی تارکین وطن کو اپنے اپنے ملکوں کو واپس بھیج دیا جائےگا۔انہوں نے بحیرہ روم کے راستے لیبیا جانے والے تارکین وطن کی کشتیوں کو واپسی پر مجبورکرنے اور ان کی اٹلی آمد کی روک تھام کی بھی حمایت کی تھی۔

.......

/169