اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ایران، یورپ کی گیس مارکیٹ تک رسائی کے لیے مختلف منصوبوں پر غور کر رہا ہے۔ یہ بات ایران کی گیس برآمد کرنے والی قومی کمپنی کے مینیجنگ ڈائریکٹر علی رضا کاملی نے اپنے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ ایران یورپ کے لیے گیس کی منتقلی کے متعدد منصوبوں پرغور کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم گیس پائپ لائن کے بجائے دیگر طریقوں سے گیس یورپ بھیجنے کے منصوبوں کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔ علی رضا کاملی نے کہا کہ نئی گیس پائپ لائن بچھانے کے بجائے، پہلے سے علاقے میں موجود گیس پائپ لائنوں کے ذریعے بھی، یورپ کو گیس کی منتقلی کے معاملات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گیس کی برآمدات کے مختلف منصوبوں کا جائزہ لینے کے بعد سب سے زیادہ کم خرچ اور منافع بخش منصوبے کا تعین اور اس پر عملدرآمد کیا جائے گا۔اس سے قبل ایران کی قومی گیس کمپنی کے ڈائریکٹر عزیز اللہ رمضانی نے کہا تھا کہ ایران ، یورپ کو سالانہ تیس ارب مکعب میٹر گیس فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران سنہ دو ہزار بیس تک سالانہ اسّی ارب مکعب میٹر گیس برآمد کرنے کا ہدف رکھتا ہے۔ گزشتہ ماہ یورپ کے کئی ایک ملکوں خصوصا جارجیا، بلغاریہ، اور یونان نے ایران سے گیس خریدنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲