اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ شام کی وزارت خارجہ نے ترک حکومت کے اس اعلان کے بعد کہ وہ حلب کے لئے انسان دوستانہ امداد روانہ کرنا چاہتی ہے کہا کہ شامی حکومت حلب کے لئے انسان دوستانہ امداد خاص طورپر ترکی کی جانب سے ایسی کسی بھی مدد کو جو دمشق اور اقوام متحدہ کی ہم آہنگی کے بغیر ہوگی قبول نہیں کرے گی -
شامی حکومت کے ایک قریبی ذریعے نے خبردی ہے کہ روس اور امریکا کے درمیان ہونےوالے سمجھوتے میں صراحت کے ساتھ کہا گیا ہے کہ صرف اقوام متحدہ کو ہی حلب میں انسان دوستانہ امداد پہنچانے کی اجازت ہے -
اس درمیان شامی حکومت کے ذریعے نے کہا کہ انسان دوستانہ امدادی کھیپ لے کر ترکی سے پہنچنےوالے ٹرکوں پر لدے سیل کئے ہوئے سامان کو حلب کے اندر ہلال احمر کے کارکن کھولیں گے، ان کی چھان بین ہوگی پھر اس کے بعد لوگوں میں تقسیم کیا جائےگا -
شامی حکومت کا کہنا ہے کہ ترکی، شام کے اندر سرگرم دہشت گردوں کی حمایت کرتاہے - اقوام متحدہ پہلے ہی اعلان کرچکی ہے کہ وہ جنگ بندی کے دوران عام شہریوں تک انسان دوستانہ امداد بہم پہنچانے کے تیار ہے لیکن جب تک انسان دوستانہ قافلوں کی سیکورٹی کی ضمانت نہیں مل جاتی اس وقت تک یہ قافلے روانہ نہیں ہوں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲