12 ستمبر 2016 - 18:00
مذہبی منافرت اور فرقہ واریت کے خاتمہ کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت: شہنشاہ نقوی

مولانا شہنشاہ حسین نقوی نے مزید کہا کہ ہمیں ہوش اور عقلمندی سے کام لیتے ہوئے ایسے اقدامات کرنے ہونگے کہ جن سے مسلمانوں کی بقاء کو یقینی بنایا جاسکے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پاکستان کے شیعہ عالم دین اور خطیب مسجد باب العلم ’’مولانا شہنشاہ حسین نقوی‘‘ نے ناظم آباد میں منعقدہ مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی منافرت، دہشتگردی، فرقہ واریت اور انتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔

انہوں نے ملت مسلمہ کے اتحاد کو وقت کی اشد ضرورت  قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اور ریاستی اداروں کو چاہئے کہ وہ ہم آہنگی کے قیام کیلئے کوششیں تیز کر دیں تاکہ یہاں ایسے پرامن معاشرے کا قیام عمل میں آسکے جس میں تمام مکاتب فکر اور طبقات آزادی کے ساتھ اپنی اپنی زندگیاں گزار سکیں۔

موصوف عالم دین نے کہا کہ تنگ نظری اور انتہا پسندی نے مسلم امہ کو کافی نقصان پہنچایا اور ہم اب بھی ایک نہ ہوئے تو مزید مشکلات میں پڑ جائیں گے۔

مولانا شہنشاہ حسین نقوی نے مزید کہا کہ ہمیں ہوش اور عقلمندی سے کام لیتے  ہوئے ایسے اقدامات کرنے ہونگے کہ جن سے مسلمانوں کی بقاء کو یقینی بنایا جاسکے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲

لیبلز