28 جون 2016 - 12:16
ایران اور روس کے درمیان علاقے کے بحران کے حل کے لیے دو طرفہ ہم آہنگی میں مزید فروغ

ایران اور روس، علاقے کے بحرانوں خاص طور سے شام کے بحران کے حل کے دائرے میں دو طرفہ ہم آہنگی اور صلاح و مشورے کا عمل مزید فروغ دیں گے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ایران کی قومی سلامتی کی اعلی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی اور روس کی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نیکلائی پتروشوف نے پیر کی رات ماسکو میں علاقے کی صورت حال، دو طرفہ تعاون اور فریقین کے درمیان اطلاعات کے تبادلے کے امور کا جائزہ لیا۔ علی شمخانی اور پتروشوف نے شام کے بحران کے سیاسی حل کے لئے ایران اور روس کے درمیان مزید ہم آہنگی کی ضرورت پر تاکید کی۔ ایران کی قومی سلامتی کی اعلی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے، جو روس کے ایک روزہ دورے پر پیر کو ماسکو پہنچے، اس ملک کے وزیر دفاع سرگئی شویگو سے بھی ملاقات میں سیاسی، سیکورٹی اور دفاعی شعبوں میں دونوں ملکوں کے تعاون کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ شام کے امور میں روسی صدر کے خصوصی ایلچی الیگزنڈر لاورنتیف کے ساتھ مذاکرات بھی علی شمخانی کے اس دورے میں شامل تھے۔ واضح رہے کہ پانچ سال قبل جب سے شامی حکومت کے خلاف امریکہ اور سعودی عرب کی جانب سے مغربی و عرب منصوبے کا آغاز ہوا ہے، ایران اور روس نے ہمیشہ تاکید کے ساتھ اعلان کیا ہے کہ بحران شام کو فوجی طریقے سے ہرگز حل نہیں کیا جاسکتا۔ مارچ دو ہزار گیارہ میں بحران شام کے آغاز سے اب تک اس ملک میں دو لاکھ، اسّی ہزار سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲