اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی پشاور میں ہونیوالے دہشت گردی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت، قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس کا اظہار۔ پشاور میں ہونیوالے بس بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس ہے۔ علامہ سید ساجد علی نقوی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا جڑ سے خاتمہ کرنا ہوگا، دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں، یہ انسانیت کے دشمن ہیں، جن کی بیخ کنی کرنے سے ہی ارض وطن میں امن آئے گا۔ دہشت گردی کے پے درپے واقعات پر پوری قوم غم میں مبتلا ہے، یہ غم اسی وقت ختم ہوگا، جب اس ملک سے دہشت گردوں کا صحیح معنوں میں صفایا ہو جائیگا۔ علامہ ساجد نقوی کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں پاک چین اقتصادی راہداری سمیت ترقی کے بہت سے منصوبوں پر کام ہونے جا رہا ہے، لیکن ترقی کیلئے امن کا قیام ضروری ہے، جب تک امن قائم نہیں ہوگا، اس وقت تک ترقی کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہوسکتا، ہمیں اس حوالے سے مزید سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔
.......
/169