24 فروری 2016 - 15:36
چھبیس فروری کو ایران میں انتخابات

ایران میں مجتہدین کی کونسل مجلس خبرگان اور پارلیمنٹ کے انتخابات میں ووٹنگ کے لئے الٹی گنتی شروع ہو گئی ہے اور عوام چھبیس فروری کو اپنے ووٹوں سے ایک بار پھر اسلامی نظام اور جمہوریت کے تحفظ میں عظیم ترین کارنامہ رقم کرنے کے لئے تیار ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی اور مجتہدین کی کونسل مجلس خبرگان رہبری کی انتخابی مہم کا آج آ‏خری دن ہے اور ضابطے کے مطابق تمام امیدوار، رات بارہ بجے تک انتخابی جلسوں کا انعقاد اور ریلیاں نکال سکتے ہیں۔ اپنی انتخابی مہم کے دوران سب ہی امیدواروں نے عوامی جلسوں، ریلیوں، ریڈیو، ٹی وی اور اخبارات و جرائد اور بینروں اور پلے کارڈوں کے ذریعے، ایران اور علاقے کے اہم ترین معاملات اور پابندیوں کے خاتمے کے بعد کی صورت حال کے بارے میں اپنے اپنے نظریات بیان کئے اور عوام سے انتخابات میں بھرپور شرکت کی اپیل کی۔

صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے بھی منگل کی رات ثقافتی انقلاب کی اعلی کونسل کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ عوام اپنی بھرپور شرکت سے پارلیمنٹ اور ماہرین کی کونسل کے لئے، مضبوط اور دیندار لوگوں کا انتخاب کریں گے۔ انہوں نے انتخابات میں عوام کی بھرپور شرکت کو اسلامی حکومت کی حیات و دوام کی ضمانت قرار دیا۔ صدر نے کہا کہ ایرانی عوام انتخابات میں جس جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کرتے ہیں وہ اسلامی حکومت کی سب سے بڑی ڈھارس ہے اور اسی وجہ سے اب تک دشمنوں کی تمام سازشیں ناکام ہوتی آئی ہیں۔

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے بھی اپنے بیان میں کہا ہے کہ پارلیمانی انتحابات میں ایران کے عوام کی بھرپور مشارکت، سفارت کاری کے میدان میں ایران کی کامیابیوں کی ضمانت ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ چھبیس فروری کے انتخابات سے دنیا پر واضح ہو جائے گا کہ ایران، سرمایہ کاری اور اقتصادی و سیاسی استحکا م کے لحاظ سے دنیا کا سب سے محفوظ ملک ہے۔

ایران کے وزیر داخلہ رحمانی فضلی نے بتایا ہے کہ انتخابات کے لئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور وزارت داخلہ کے عہدیدار پوری تندہی کے ساتھ رات دن کام میں مصروف ہیں۔ ایرانی پولیس کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل حسین اشتری نے بتایا ہے کہ انتخابات کی سیکورٹی کے تمام انتظامات مکمل ہیں اور ڈھائی لاکھ پولیس اہلکار سیکورٹی کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

واضح رہے کہ ایران کے پارلیمانی انتخابات کی کوریج کے لئے دنیا کے انتیس ملکوں کے چار سو تہتر صحافی اور رپورٹر حضرات ایران پہنچ چکے ہیں۔

ایران کے عوام جمعہ چھبیس فروری کو پارلیمنٹ کی دوسو نوے اور مجتہدین کی کونسل کی اٹھّاسی نشستوں کے لئے اپنے اپنے امیدواروں کا انتخاب کریں گے۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169