30 جون 2015 - 15:45
عراق؛ فضائی حملوں میں دسیوں دھشتگرد ہلاک

عراق کی فضائیہ نے ملک کے مغربی علاقے میں بمباری کر کے دسیوں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ صوت العراق ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق عراق کی وزارت داخلہ نے منگل کے دن ایک بیان جاری کیا ہے جس میں اس نے صوبۂ الانبار میں واقع رمادی شہر کے مغرب میں دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے پر فضائیہ کی بمباری میں دہشت گرد گروہ داعش کے بیس سرغنوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے- دریں اثنا عراق کی سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے صوبۂ صلاح الدین کے مشرق میں واقع حمرین کے پہاڑوں میں آپریشن کر کے دہشت گرد گروہ داعش کے چودہ تکفیری عناصر کو ہلاک کر دیا ہے- عراق کی فوج نے فلوجہ کے مشرق میں واقع الصبیحات علاقے میں دہشت گرد گروہ داعش کی ایک گاڑی بھی تباہ کر دی ہے جس کے نتیجے میں اس گاڑی میں سوار تمام دہشت گرد ہلاک ہو گئے- ادھر حزب اللہ عراق بریگیڈ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صوبۂ صلاح الدین میں بیجی کے علاقے میں تکفیری دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنا دیا گیا ہے- واضح رہے کہ عراق کی عوامی رضاکار فورس بیجی کو دہشت گردوں سے آزاد کرانے کے بعد اب موصل کی آزادی کی تیاریاں کر رہی ہے- دوسری جانب عراق کی سیکورٹی فورس نے الانبار میں واقع المثنی تنصیبات کے قریب دو اجتماعی قبریں دریافت کی ہیں- ان اجتماعی قبروں میں ان عراقی فوجیوں کی لاشیں ہیں جن کو دہشت گرد گروہ داعش کے عناصر نے موت کے گھاٹ اتارا تھا-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲