اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق پشاور اور گرد و نواح میں تیز آندھی اور موسلادھار بارش سے مختلف علاقوں میں دیواریں اور چھتیں منہدم ہو گئیں، جس کے نتیجے میں 42 افراد جاں بجق اور 180 سے زائدزخمی ہوگئے، جبکہ زخمیوں اور لاشوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ چھتیں گرنے کے واقعات چارسدہ روڈ، پخہ غلام، بدھو ثمر باغ، شب قدر اور بڈھنی میں پیش آئے، جب کہ موسلادھار بارش کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پخہ غلام کے علاقے میں بارش اور تیز آندھی سے کئی چھتیں اور درخت گر گئے، جس سے کئی افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے۔ شب قدر کے علاقے میں مکان کی چھت گرنے سے میاں بیوی جاں بحق جب کہ ناصر باغ جی ٹی روڈ پر دو مکانوں کی چھتیں گرنے سے متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے۔ تیز آندھی اور بارش کے باعث جاں بحق افراد میں بچے اور 2 بہنیں بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور شہر میں تیز آندھی کی رفتار 110 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی اور آئندہ 24 گھنٹوں میں پشاور، ہزارہ اور مالاکنڈ ڈویژن میں آندھی اور تیز بارش کا امکان ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169