اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیر ثقافت "علی جنتی" نے مشہد مقدس کو دنیائے اسلام کا ثقافتی مرکز قرار دیئے جانے کو اسلامی جمہوریہ ایران کے لئے سنہری موقع قرار دیا ہے - علی جنتی نے عالم اسلام کے ثقافتی مرکز مشہد کی پالیسی ساز کونسل کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو اس موقع سے استفادہ کرنا چاہئے تاکہ دنیائے اسلام کے سامنے اپنے ثقافتی اور تہذیبی پہلوؤں کو پہلے سے زیادہ پیش کرسکے- ایران کے وزیر ثقافت و ہدایت نے شہر اصفہان کو دو ہزار چھ میں عالم اسلام کے ثقافتی مرکز کی حیثیت سے منتخب کئے جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ اب تک جو ممالک عالم اسلام کے ثقافتی مرکز کی حیثیت سے منتخب ہو چکے ہیں ان کے تجربات سے بھرپور استفادہ کیا جائے - مشہد مقدس شمال مشرقی ایران کا ایک بڑا شہر اور صوبہ خراسان رضوی کا مرکز ہے- اس شہر میں فرزند رسول (ص) حضرت امام علی ابن موسی الرضا علیہ السلام کا روضہ مبارک واقع ہے اور اسی بنا پر یہاں ہر سال تیس ملین سے زیادہ ملکی اور ایک ملین سے زیادہ غیر مالکی زائرین آتے ہیں-
.....
/169