اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق پینٹاگون کے ایک سابق اعلی عہدیدار "ڈیویڈ ایس سڈنی" نے پاکستان میں امریکہ کی اسٹریٹیجک شکست کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ، پاکستان میں اپنے مقاصد اور منصوبوں کو آگے بڑھانے میں ناکام رہا ہے- انھوں نے کہا ہے کہ پاکستان میں چین کی چھیالیس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے مقابلے میں امریکہ کی ساڑھے سات ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کوئی حیثیت نہیں رکھتی اور اس سلسلے میں امریکہ کو اسٹریٹیجک شکست ہوئی ہے- ڈیویڈ ایس سڈنی نے سی بی ایس ٹی وی چینل سے گفتگو میں کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ چین کے اقتصادی معاملات کا مقصد علاقے میں امریکہ کی جانب سے اتحاد کی تشکیل سے متعلق پائی جانی والی رقابت میں سبقت لےجانا ہے- انھوں نے نیویارک ٹائمز سے بھی گفتگو میں کہا ہے کہ پاکستان میں امریکہ کی سرمایہ کاری، واشنگٹن کی اسٹریٹیجک پوزیشن کو مستحکم بنانے میں ناکام رہی ہے اور چین نے امریکہ کی اس شکست سے ہی درس حاصل کرتے ہوئے اتنی وسیع پیمانے پر سرمایہ کاری کا منصوبہ بنایا ہے- پاکستان میں چین کی چھیالیس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری میں بجلی گھروں کا قیام، سڑکوں کی تعمیر اور ریلوے لائن بچھانا جیسے شعبے بھی شامل ہیں- پاکستان کے ایک سرکاری عہدیدار کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں چین کی جانب سے آئندہ پندرہ برسوں سے زائد عرصے کے لئے چینی انجینیروں کو روانہ کیا جائے گا جبکہ اس بارے میں اس کا یہ اقدام، امریکی دباؤ سے متاثر رہا ہے- پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان میں چین کی اتنی وسیع پیمانے پر سرمایہ کاری امریکی توقعات کے برخلاف ہے- قابل ذکر ہے کہ چینی صدر کے دورہ پاکستان میں دسیوں اہم سمجھوتوں منجملہ پاک ایران گیس پائپ لائن کی تکمیل کے سمجھوتے پر دستخط کئے گئے ہیں کہ جس کی امریکا کی جانب سے ہمیشہ مخالفت کی جاتی رہی ہے-
.......
/169