22 اپریل 2015 - 04:40
روسی وزیر خارجہ:  ہم ایران کے خلاف تمام پابندیاں ختم کرنے کے خواہاں ہیں

روسی وزیر خارجہ نے ایران کے خلاف عائد تمام پابندیاں فوری طور پر ختم کرنے پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ یہ پورے علاقے کے فائدے میں ہو گا کہ تہران سیاسی معاملات میں اپنا کردار ادا کرے.

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ایران کے خلاف عائد پابندیاں اٹھائے جانے کے ساتھ ہی ایران اور روس کے سیاسی تعلقات بھی فروغ پائیں گے۔ سرگئی لاوروف نے ایٹمی مذاکرات میں ماسکو کے کردار کے بارے میں کہا کہ ایران کے ایٹمی معاملے سے متعلق مسائل کے حل اور کسی سمجھوتے تک رسائی کے لئے روس کی سفارتکاری کے عمل سے بہت زیادہ مدد ملی ہے اور اس کا نتیجہ لوزان سمجھوتے کی صورت میں سامنے آیا ہے اور میرا خیال ہے کہ اس سلسلے میں مزید پیشرفت، ایران کے خلاف عائد تمام پابندیاں چاہے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے ہوں یا یکطرفہ ہوں, اٹھائے جانے سے ہی حاصل ہو گی اور یہ ہمارے قومی مفاد میں ہے- روسی وزیر خارجہ نے " آرگیو منتھلی آئی فکتی " (AIF) جریدے سے گفتگو کرتے ہوئے مشرق وسطی اور افریقہ کے مختلف ملکوں میں جاری بدامنی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے خبردار کیا کہ مشرق وسطی میں بدامنی جاری رہنے کی صورت میں ممکن ہے بین الاقوامی امن و استحکام کو شدید خطرہ لاحق ہو جائے-

.......

/169