اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان مرضیہ افخم نے افغانستان کے شہر جلال آباد میں خود کش حملے میں بے گناہ افراد کے جاں بحق اور زخمی ہونے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس دہشتگردانہ کارروائی کی مذمت کی ہے- وزارت خارجہ کی ترجمان نے اس حادثے کا شکار ہونے والوں کے پسماندگان، حکومت اور عوام کو اس واقعے پر تعزیت پیش کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد سے جلد صحتیابی کی آرزو کی- وزارت خارجہ کی ترجمان نے اس اقدام کو غیر اسلامی اور غیر انسانی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی، انتہاپسندی اور بے گناہ لوگوں کی جان کو خطرے میں ڈالنے کی کوئی توجیہ پیش نہیں کی جا سکتی- مرضیہ افخم نے دہشتگردی، اور انتہاپسندی کے خلاف جدوجہد کے لئے علاقے کے ممالک کے درمیان تعاون کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے تشدد اور انتہاپسندی روکنے کے لئے تمام قوموں کے درمیان اتحاد و یکجہتی کو ضروری قرار دیا- ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ دہشتگردانہ اقدامات، بڑھتے ہوئے تشدد اور عدم استحکام نے افغانستان کو نشانہ بنا رکھا ہے-
.......
/169