ال بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ العالم ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں صورتحال غیر معمولی ہوتی جارہی ہے- اطلاعات کے مطابق دارالحکومت ریاض کی سڑکوں پر سعودی عرب کی شاہی فوج کے خصوصی دستے گشت کررہے ہیں - عینی شاہدین کے مطابق اس دوران متعدد افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور وقفے وقفے سے لوگوں کی گرفتاری کا سلسلہ جاری ہے-سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں صورتحال بدھ کے روز اس وقت بحرانی ہوگئی تھی جب چند نامعلوم مسلح افراد نےشہر کی ایک سڑک پر اچانک فائرنگ شروی کردی- عینی شاہدین کے مطابق سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں کئی مسلح افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے- بدھ کے روز جھڑپیں شروع ہوتے ہی سکیورٹی فورسز نے النظیم کے علاقے کا مکمل محاصرہ کر لیا اور لوگوں کو اس علاقے میں داخل ہونے اور نکلنے سے روک دیا- اس رپورٹ کے مطابق مسلح گروہ، جھڑپ شروع ہونے کے بعد بھاگ گئے اور النظیم کے علاقے میں القاعدہ گروہ سے تعلق رکھنے والے افراد کے گھروں میں جا چھپے جس کے بعد سعودی عرب کی سکیورٹی فورسز نے مطلوبہ مسلح گروہ کے افراد کو گرفتار کرنے کے لیے گھر گھر تلاشی لینا شروع کر دی- دوسری جانب خبریں موصول ہو رہی ہیں کہ سعودی حکام نے مزید فورس النظیم علاقے کی طرف بھیج دی ہے اور سعودی عرب کی فورس اس علاقے میں خود کو دو بدو لڑائی کے لیے تیار کر رہی ہے-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲