اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ چین کے وزیر دفاع چانگ وان چیوان نے جمعے کے روز اپنے ایرانی ہم منصب جنرل حسین دھقان سے ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان بہتر تعلقات کو نہایت اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران اور چین کے دفاعی تعلقات کی تاریخ بہت خوشگوار رہی ہے- چین کے وزیر دفاع نے گذشتہ برس انجام پانے والے ایران کے وزیر دفاع کے دورہ چین کو نہایت مفید اور کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس دورے نے ایران اور چین کے درمیان گہرے دفاعی تعلقات کو فروغ دینے میں نہایت موثر کردار ادا کیا ہے- چین کے وزیر دفاع نے ماسکو سیکورٹی اجلاس میں میجر جنرل حسین دہقان کی تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے تہران کی تجویز پر ہونے والے ایران چین اور روس کے درمیان سہ فریقی اجلاس کے انعقاد کو نہایت اہم قرار دیا اور کہا کہ ایران اور چین، دفاعی میدان میں کامیاب تعاون کے تجربے کے حامل رہے ہیں اور دونوں ملکوں کے باہمی تعاون کو فروغ دینے کا عزم، تعلقات میں استحکام کا باعث ہوگا- اس موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر دفاع میجر جنرل حسین دہقان نے علاقے کے حساس حالات اور اس کو درپیش خطرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مشرقی ایشیاء میں داعش اور تکفیری دہشتگرد گروہوں کے بڑھتے ہوئے اثرورسوخ کا مطلب، چین، قفقاذ اور وسطی ایشیاء کے علاقے کو خطرہ ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ علاقے کے ممالک، صیہونی و تکفیری گروہوں کے وجود کے پوری طرح خاتمے کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ بھرپور تعاون کریں-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲