17 اپریل 2015 - 02:48
سترہ اپریل فلسطینی قیدیوں کا دن

فلسطینی قیدیوں کے دن کی آمد سے قبل فلسطین کی قانون ساز اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر نے فلسطینی مزاحمتی گروہوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صیہونی حکومت پر فلسطینی قیدیوں کو آزاد کرنے کے لئے دباؤ ڈالیں

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق احمد بحر نے فلسطینی قیدیوں کے دن کی مناسبت سے فلسطین کے مزاحمتی گروہوں سے اپیل کی ہے کہ وہ فلسطینی قیدیوں کے تبادلے کے منصوبے پر کامیاب عملدرآمد کے ذریعے اسرائیل کو فلسطینی عورتوں اور مردوں خاص طور پر بیمار قیدیوں کی رہائی پر مجبور کریں- فلسطینی قیدیوں کی انجمن کے سربراہ "قدورہ فارس" نے بھی فلسطینی قیدیوں کے دن کی مناسبت سے کہا ہے کہ چھ ہزار سے زائد فلسطینی اس وقت صیہونی حکومت کی جیلوں میں قید ہیں- انھوں نے کہا کہ ان میں دو سو پانچ بچے، اکیس عورتیں اور چودہ پارلیمنٹ کے نمائندے ہیں- قدورہ فارس نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ چھ سو سے سات فلسطینی قیدی صیہونی جیلوں میں انتہائی سخت اور نامساعد حالات میں قید ہیں اور انھیں علاج معالجے کی سہولتیں بھی حاصل نہیں ہیں جس کی وجہ سے ان کی بیماریاں شدت اختیار کرتی جا رہی ہیں- واضح رہے کہ سترہ اپریل کو فلسطینی قیدیوں کا دن منایا جاتا ہے- سترہ اپریل انیس سو اکہتر کو پہلا فلسطینی قیدی صیہونی حکومت کی جیل سے آزاد ہوا تھا اور اس کے بعد سے اس دن کو فلسطینی قیدیوں کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے-

.......

/169