20 اگست 2026 - 16:01
لبنان میں اسرائیلی جارحیت پر وزیر خارجہ شدید تنقید کی زد میں

لبنانی تجزیہ کار نے وزیر خارجہ یوسف رجّی کی کارکردگی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی حملوں اور لبنان کی خودمختاری کی مسلسل خلاف ورزیوں کے باوجود وزارت خارجہ نے اپنی سفارتی اور قانونی صلاحیتوں کو مؤثر انداز میں استعمال نہیں کیا۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، ایک لبنانی تجزیہ کار نے وزیر خارجہ یوسف رجّی کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزارت خارجہ حکومت کا ایک اہم ریاستی ادارہ اور لبنان کی سفارتی و قانونی نمائندہ ہے، لیکن اسرائیلی جارحیت کے معاملے میں اس ادارے نے اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں۔

تجزیہ کار کے مطابق وزیر خارجہ کو قومی مؤقف کا دفاع کرنے کے بجائے لبنانی سیاسی جماعت القوات اللبنانیہ سے ہم آہنگ پالیسی اختیار کرنے پر تنقید کا سامنا ہے، جبکہ اسرائیلی حملوں کے خلاف لبنان کے بنیادی حقوق کے دفاع کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے۔

تحریر میں کہا گیا ہے کہ لبنان پر ہر اسرائیلی حملے کے بعد وزارت خارجہ کو اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل میں باضابطہ شکایت درج کرانی چاہیے، ہنگامی اجلاس کا مطالبہ کرنا چاہیے، لبنان کی خودمختاری اور شہریوں کے حقوق کی خلاف ورزیوں کو دستاویزی شکل دینی چاہیے اور اسرائیل پر سفارتی دباؤ بڑھانے کے لیے مختلف ممالک سے تعاون حاصل کرنا چاہیے۔

تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ جنوبی لبنان پر مسلسل حملوں، بنیادی ڈھانچے کی تباہی اور شہریوں کی بے دخلی کے باوجود ایسے اقدامات مطلوبہ سطح پر نہیں کیے گئے۔

انہوں نے عرب دنیا کے سطح پر بھی لبنانی وزارت خارجہ کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ بیروت عرب وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف مشترکہ عرب سفارتی اقدامات فعال کرنے کی کوشش کر سکتا تھا، لیکن اس کے بجائے وزیر خارجہ نے خطے میں امریکی مفادات پر حملوں کے خلاف بیانات جاری کرنے پر زیادہ توجہ دی۔

لبنانی تجزیہ کار نے بعض داخلی سیاسی اور سفارتی معاملات کا حوالہ دیتے ہوئے بھی وزیر خارجہ پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے ایسے اقدامات اور مؤقف کے خلاف مناسب ردعمل نہیں دیا جنہیں وہ لبنان کی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیتے ہیں۔

تجزیے کے اختتام پر کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ کی چند ماہ کی کارکردگی ’’ریاستی خودمختاری کے فیصلے‘‘ کے نعرے سے متصادم ہے اور ان کی پالیسی سے یہ تاثر ملتا ہے کہ سیاسی اور جماعتی وابستگیوں نے ریاستی و سفارتی ذمہ داریوں پر غلبہ حاصل کر لیا ہے۔

تجزیہ کار نے نتیجہ اخذ کیا کہ یوسف رجّی وزیر خارجہ سے وابستہ بنیادی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہے ہیں اور لبنان کی خودمختاری کے دفاع کے دعوے اور عملی سفارتی اقدامات کے درمیان واضح فرق موجود ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha