اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کا اعلٰی سطحی وفد وزیر اعظم نواز شریف کا خصوصی پیغام لے کر سعودی عرب روانہ ہو گیا ہے، جہاں وہ سعودی فرمانروا سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کرے گا۔ وزیراعلٰی پنجاب کے ہمراہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور پریس سیکریٹری بھی موجود ہیں، جبکہ یہ وفد سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور سعودی وزیرخارجہ سے الگ الگ ملاقاتیں کرے گا اور موجودہ صورتحال میں پاکستان کا کردار واضح کرے گا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق وزیراعلٰی پنجاب سعودی فرمانروا شاہ سلمان کو وزیراعظم نواز شریف کا اہم پیغام پہنچائیں گے۔ یمن میں سعودی اتحادی افواج کی کارروائی اور پاکستانی پارلیمنٹ کی قرارداد کے بعد پاکستان کے اعلٰی سطحی وفد کا دورہ سعودی عرب نہایت اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق یہ دورہ ایک دن پر محیط ہوگا۔
.......
/169