10 اپریل 2015 - 12:12
پاکستان کا دورہ مفید اور مثبت رہا + تصاویر

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے اپنے دو روزہ دورۂ پاکستان اور اس ملک کے حکام کے ساتھ اپنی ملاقاتوں اور مذاکرات کو مثبت قرار دیا ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق محمد جواد ظریف بدھ کے روز اسلام آباد پہنچے تھے ۔ جمعرات کے دن انھوں نے اسلام آباد سے روانہ ہونے سے قبل نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس دورے کے موقع پر پاکستانی حکام کے ساتھ دو طرفہ تعلقات ، اقتصادی، سیاسی اور سیکورٹی کے میدانوں میں باہمی تعاون اور سرحدی مشکلات کی روک تھام کے لئے سرحدی ہم آہنگی کے بارے میں اچھے مذاکرات ہوئے- وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستانی حکام کے ساتھ ان کے مذاکرات کے دوران زیر بحث آنے والا ایک موضوع ایران، پاکستان اور افغانستان کے سرحدی علاقوں میں سیکورٹی سخت کرنے سے عبارت تھا جس کا تعلق منشیات، دہشتگردی ، انتہاپسندی اور تشدد کے ساتھ ہے- جواد ظریف نے مزید کہا کہ اسلام آباد کے اعلی حکام کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں علاقے کی صورتحال اور علاقائی مسائل کے سیاسی حل کی ضرورت اور اس بات پر تبادلۂ خیال کیا گیا کہ فوجی آپشن علاقائی مسائل کے حل کے لئے کارگر ثابت نہیں ہو سکتا ہے- انھوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مذاکرات کے ذریعے خطے میں قیام امن کے لئے سنجیدہ اقدام کیا جائے گا- محمد جواد ظریف نے اپنے دو روزہ دروۂ اسلام آباد کے موقع پر پاکستان کے اعلی ترین حکومتی، فوجی اور پارلیمانی عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں- محمد جواد ظریف نے جن عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں ان میں وزیر اعظم نواز شریف، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق ، سینیٹ کے چیئرمین رضا ربانی اور وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور و قومی سلامتی سرتاج عزیز شامل ہیں- محمد جواد ظریف نے ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات پر تبادلۂ خیال کے علاوہ یمن کے امور میں دوسرے ممالک کی جانب سے مداخلت نہ کئے جانے کی ضرورت پر بھی تاکید کی اور کہا کہ ایران یمن میں فوری طور پر جنگ بندی، اس ملک میں انسانی دوستی پر مبنی امداد بھیجے جانے، یمن کے گروہوں کے درمیان مذاکرات اور اس ملک کے عوام کے لئے قابل قبول وسیع البنیاد حکومت کی تشکیل کا خواہاں ہے-

.......

/169