11 مارچ 2015 - 19:02
صیہونی وزیر خارجہ کی فلسطینیوں کو دھمکی

صیہونی حکومت کے وزیر خارجہ نے انٹرنیشنل کرمنل کورٹ میں شکایت کرنے کے فلسطینی انتظامیہ کے فیصلے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے فلسطینیوں کو ایک بار پھر دھمکی دی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کے وزیرخارجہ اویگدور لیبرمین نے ایک بیان میں فلسطینیوں کو دھمکی آمیز لہجے میں مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اسرائیل کا وزیر دفاع بننے کے بعد انٹرنیشنل کرمنل کورٹ میں ان کی شکایت کرنےکی بناپر فلسطینی انتظامیہ کو جواب دیں گے۔

 واضخ  رہے کہ صیہونی حکومت کے وزیرخارجہ نے اتوار کے روز ایک نسل پرستانہ تقریر میں انیس سو اڑتالیس کے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں رہائش پذیر صیہونی حکومت کے مخالف فلسطینیوں کے سر درانتی سے  کاٹنے کی دھمکی دی تھی۔ 

 فلسطینی وزارت خارجہ نے لیبرمین کی تقریر کی مذمت کرتے ہوئے اسے فلسطینیوں کے نسلی تصفیے کے لیے باضابطہ لام بندی قرار دیا ہے ۔  فلسطینی انتظامیہ نے ایک بیان میں انٹرنیشنل کرمنل کورٹ سے درخواست کی کہ وہ اسرائیلی وزیرخارجہ  کے  نام  گرفتاری کا وارنٹ جاری کرے۔ 

 فلسطینی وزارت خارجہ نے صیہونی وزیر خارجہ کے بیان کو خطرناک قرار دیتے ہوئے اسے جارحانہ خیالات ونظریات کا عکاس بتایا ۔

.......

/169