اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ہندوستانی ذرائع کے مطابق ہندوستان کی عام آدمی پارٹی دہلی ریاست میں حکومت بنانے کے بعد اختلافات کا شکار ہوگئی ہے پارٹی کنوینر اور وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کا کہنا ہے کہ اختلافات کی بنا پر پارٹی کو بحرانی کیفیت میں ڈالنا عوام سے دھوکہ دہی کے مترادف ہے۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق اروند کیجریوال نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں پارٹی میں موجودہ بحران پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے عوام ہم پر بھروسہ کرکے اقتدار میں لائے لہٰذا باہمی کشمکش اور اختلافات کی بنا پر پارٹی کو بحرانی کیفیت میں ڈالنا عوام سے دھوکہ دہی کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی صورت عوام کے بھروسے کو ٹھیس نہیں پہنچا سکتے اس لئے وہ ان مسائل میں الجھے بغیراپنی تمام توجہ عوام کی بھلائی اور حکومت کو مضبوط کرنے پر دیں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز عام آدمی پارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ چند پارٹی رہنماؤں کی طرف سے اروند کیجریوال کے خلاف سازشیں کرکے انہیں پارٹی کنوینر کے عہدے سے ہٹانے کی سازش کی جارہی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲