اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے دورۂ بغداد میں اپنے عراقی ہم منصب ابراہیم جعفری کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں اس بات پر زور دیا کہ عراق کی ترقی و استحکام ایران کی ترقی و استحکام کے مترادف ہے- انھوں نے دہشت گرد گروہ داعش کے خلاف جنگ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ داعش کے خلاف جنگ میں مرکزی نقطہ یہ ہے کہ جو بھی ملک داعش کے خلاف جنگ میں مدد کررہاہے اسے عراقی حکومت کے ساتھ ہم آہنگ رہنا چاہیے- وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا کہ ہم بھی عراقی حکومت کے ساتھ ہم آہنگی جاری رکھیں گے- ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوران عراقی قوم کے مفادات پر توجہ ضروری ہے- وزیرخارجہ جواد ظریف نے کہا کہ وحشیانہ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے میدان میں ایران وہ پہلا ملک تھا جس نے عراق کی مدد کی اور یہ ہمارا فریضہ ہے اور ہم اس فریضے پر عمل کرتےرہیں گے- عراقی وزیر خارجہ ابراہیم جعفری نے بھی اس پریس کانفرنس میں کہا کہ عراق نے سیکورٹی اور سیاسی سطح پر قابل ذکر کامیابیاں حاصل کی ہیں اور یہ صرف ملک کے اندر سے مختص نہیں ہیں- انھوں نے کہا کہ دہشت گرد گروہ داعش کے خلاف جنگ ایک دفاعی جنگ ہے- عراقی وزیرخآرجہ نے کہا کہ جب بھی کسی ملک کی جانب سے دہشت گردی کی حمایت ثابت ہو گئی تو ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے- ان کاکہناتھا کہ ہم کسی بھی ملک کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ عراق کے اقتداراعلی کو نقصان پہنچائے.
.......
/169