23 فروری 2015 - 11:48
عراق کے صدرنے ملک میں قیام امن میں ایران کےکردارکو سراہا

عراق کے صدر فواد معصوم نے ملک میں امن و امان کی صورت حال بہتر بنانے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے کردار کو تعمیری قرار دیا ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراق کے صدر نے پیر کو کہا کہ جس وقت داعش دہشتگرد گروہ نے عراق پر حملہ کیا اس وقت ایران ہی وہ پہلا ملک تھا جس نے عراق کو فوجی اور انسان دوستانہ امداد بھیجی- انہوں نے کہا کہ تہران دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بنیادی کردار ادا کر رہا ہے-

عراقی صدر فواد معصوم کا کہنا تھا کہ ایران، عراق کا پڑوسی ملک ہے اور دونوں قوموں کے تعلقات ہمیشہ اچھے رہے ہیں-
عراق کے صدر نے اپنے ملک کی داخلی صورت حال کے بارے میں کہا کہ عراقی حکام کی پہلی ترجیح، قومی آشتی ہے اور اس سلسلے میں سب کو تعمیری کام انجام دینا چاہئے تاکہ ملک میں امن و استحکام قائم ہوسکے-
فواد معصوم نے کہا کہ عراق دنیا کے مختلف ملکوں بالخصوص پڑوسیوں اورعلاقے کے ملکوں سے اچھے تعلقات چاہتا ہے اور دہشتگردی کے خلاف جد و جہد نے طرفین کے درمیان تعاون میں اضافے کی ضرورت بڑھا دی ہے-
عراق کے صدر نے کہا کہ داعش دہشتگردوں کے خاتمے کے لئے ضروری ہے کہ اس کے مالی ذرائع کو بند کیا جائے اور جن ملکوں سے دہشتگرد، عراق کے اندر داخل ہوتے ہیں ان کے ساتھ سیکورٹی معاملات میں مکمل یکجہتی اور ہماھنگی انجام پانی چاہئے -
فواد معصوم نے کہا کہ داعش میں شامل بہت سے مسلح گروہوں کا تعلق یورپ، ایشیا اور افریقہ سے ہے-

.......

/169