اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی آٹھ رکنی وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے پاکستان کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کا قریبی دوست ہے اسے کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے جبکہ مختلف شعبوں میں تعاون کو بھی بڑھائیں گے۔
پاکستان کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے بھی اس ملاقات میں کہا کہ پاکستان کو چین سے دوستی پر فخر ہے اور دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔چینی وزیر خارجہ اپنے دورۂ پاکستان کے دوران نہ صرف دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور دیگر امور پر پاکستانی حکام سے تبادلہ خیال کریں گے بلکہ مارچ میں چینی صدرکے مجوزہ دورۂ پاکستان کو حتمی شکل دیں گے۔
واضح رہے کہ سات سال کے وقفے کے بعد رواں سال مارچ میں یوم پاکستان پر مسلح افواج کی فل ریہرسل پریڈ کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں چینی صدر کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا جائے گا
.......
/169