اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق بحرین کی حکومت نےگذشتہ دو برس میں ملکی اور غیر ملکی مخالفتوں کی پروا کئے بغیر اس ملک کے ایک سو سے زائد باشندوں کی شہریت سیکورٹی کے مسائل یا آل خلیفہ حکومت کی مخالفت کے بہانے سلب کرلی ہے- بحرین کی انسانی حقوق کی تنظیم برائے مذہبی آزادی کے شعبے نے اعلان کیا ہے کہ آل خلیفہ حکومت نے دوہزار بارہ سے اس حکومت کے مخالفین اورسرگرم سیاسی کارکنوں کی شہریت سلب کرنے کی نسل پرستانہ پالیسی جاری رکھتے ہوئےاب تک ایک سو اکیس شہریوں کی شہریت سب کرلی ہے جن میں پندرہ عالم دین بھی شامل ہيں۔ اس بیان میں سیاسی نقطۂ نظر یامذہبی عقائد کی بناپر بحرینی شہریوں کی شہریت سلب کئے جانے کو ایک کھلا جرم اور شہریوں کے فطری حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔ اسی سلسلے میں بحرین کےرعد، الوفاق، جمعیت ملی اور اخوت جیسے سیاسی گروہوں اورجماعتوں نے ایک بیان میں ملک کے سرگرم سیاسی کارکنوں منجملہ فرحات خورشید کی شہریت سلب کرنے کے آل خلیفہ حکومت کے اقدام کو انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا اور اسےانتہائي سیاسی گھٹن سے تعبیر کیا- بحرینی گروہوں کے بیان ميں کہا گیا ہے کہ ملک کی شہریت کا حامل ہونا ہر شہری کا فطری حق ہے جس کا تعلق حمکراں نظام اورعوام کے درمیان سیاسی جنگ سے نہيں ہوتا اور ایک شہری کی شہریت کو سلب کیا جانا اور اسے اس کے وطن اور ملک سے نکال باہر کرنا ان حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے بحرین کے سرگرم سیاسی کارکنوں کے بقول اس ملک کے شہریوں کی شہریت سلب کرنا اور دوسرے ملک کے باشندوں کو لاکر بحرین میں بسانے میں سیاسی عوامل کارفرما ہیں اور اس طرح کے اقدامات کا مقصد اس ملک میں آبادی کے تناسب کو بگاڑناہے- آل خلیفہ حکومت کے ذریعےبحرین کے سرگرم سیاسی کارکنوں کی شہریت سلب کرنے کے خلاف ایسے میں تنقیدوں کا سلسلہ جاری ہے جب اس ملک میں جمعیت اسلامی الوفاق کے سربراہ شیخ علی سلمان کی گرفتاری کے خلاف پورا ملک سراپا احتجاج بنا ہوا ہے۔ اللولوۃ ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق بحرین کی آل خلیفہ حکومت کے ظالمانہ اقدامات کے باوجود اس ملک کے مختلف علاقوں منجملہ سترہ، منامہ، الدیہ اور الدراز میں منگل اور بدھ کی درمیانی رات کو بھی پرامن مظاہرے کئے گئے جن کے دوران شیخ علی سلمان کی گرفتاری کی مذمت اور ان کی غیر مشروط فوری رہائی کا مطالبہ کیاگیا- ان مظاہروں میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں - پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے گولیا چلائیں اور آنسو گیس کے گولے پھینکے جس کے باعث بہت سے افراد زخمی ہوگئے- واضح رہے کہ شیخ علی سلمان کو گذشتہ اٹھائیس دسمبر کو آل خلیفہ حکومت کے کارندوں نے بے بنیاد الزامات کے تحت جسے ملکی اورغیر ملکی مبصرین سیاسی اور دشمنانہ اقدام قرار دے رہے ہیں ، گرفتار کرلیا تھا-
.......
/169