3 فروری 2015 - 06:07
بحرینی حکومت کا استبداد، عوام کے مظاہرے

بحرین کی آل خلیفہ حکومت کے ظالمانہ اقدامات اورجمعیت اسلامی الوفاق کے سربراہ شیخ علی سلمان کی گرفتاری کے خلاف بحرینی عوام کے مظاہرے بدستور جاری ہیں-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق بحرینی عوام نے مذہبی سیاسی رہنما شیخ علی سلمان کی گرفتاری کے خلاف اپنے احتجاج کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے البلاد القدیم سمیت مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کئے- مظاہرین نے نعرے لگاتے ہوئے آل خلیفہ حکومت کے تشدد آمیز اور ظالمانہ اقدامات کی مذمت اور شیخ علی سلمان اور دیگر سیاسی رہنماؤں اور قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا- اطلاعات ہيں کہ بحرینی فوجیوں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے گولے داغے- جس کے دوران کئی افراد زخمی ہو گئے- واضح رہے کہ شیخ علی سلمان کی گرفتاری کو ایک ماہ سے زائد کا عرصہ ہو رہا ہے اس دوران بحرینی فوجیوں نے تقریبا دو سو افراد کو گرفتار اور ڈیڑھ سو کو زخمی کیا ہے- دوسری جانب جمعیت اسلامی الوفاق نے ایک بار پھر ملک کے اندر اپنا ایک ٹی وی چینل قائم کرنے کی درخواست دی ہے مگر حکومت نے ابھی تک جمعیت الوفاق کے اس مطالبے کا کوئي جواب نہيں دیاہے -
ادھر بحرین کے انسانی حقوق کے اداروں نے دسیوں بحرینی باشندوں کی شہریت ختم کرنے سمیت آل خلیفہ کی شاہی حکومت کے تشدد آمیز اقدامات کی مذمت کی ہے- بحرین کے انسانی حقوق مرکز نے بہتّر بحرینی شہریوں کی شہریت ختم کئے جانے کے آل خلیفہ کی ڈکٹیٹر حکومت کے اقدام کو اس ملک کے شہریوں کے حقوق کی پامالی کے تعلق سے ایک المیہ قرار دیاہے - اس مرکز نے اس بات پر زور دیا ہے کہ آل خلیفہ حکومت کے اس فیصلے کے خلاف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان اور اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے ارکان کو خطوط لکھے جائیں گے- بحرین کی حق تحریک نے بھی آل خلیفہ کی شاہی حکومت کے اس اقدام پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ یہ فیصلہ اس حکومت کی تسلط پسندانہ اوراستبدادی سرشت اور سیاسی مخالفین کے خلاف تشدد آمیز پالیسی کی عکاسی کرتا ہے- اس تحریک نے ان سبھی لوگوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے جن کی شہریت ختم کی گئي ہے- بحرین کے سرگرم سیاسی کارکن شیخ حبیب الجمری نے بھی کہ جن کی شہریت منسوخ کردی گئی ہے، اس بات پر زور دیا ہے کہ بحرین کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی- بحرین کے ایک معروف صحافی حسین یوسف نے بھی جن کی شہریت آل خلیفہ حکومت نے سلب کرلی ہے کہاکہ بحرینی حکومت کےاس فیصلےسےواضح ہوجاتا ہے کہ اس نے شہریوں کے خلاف اپنی تشدد آمیز اورظالمانہ کاروائياں تیز کردی ہیں- واضح رہے کہ آل خلیفہ کی ڈکٹیٹر حکومت نے ایک حکم جاری کر کے اس ملک کے بہتّر سرگرم سیاسی کارکنوں کی شہریت ختم اور ان میں سے بہت سے لوگوں کو گرفتار کر کے جیل میں ڈال دیا ہے-

.......

/169