اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ دونیٹسک کی خود ساختہ جمہوریہ کے ایک اعلی فوجی عہدیدار نے اعلان کیا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مخالفین کے ساتھ ہونے والی جھڑپوں میں یوکرین کے اکہتّر فوجی ہلاک ہوئے ہیں-
دونیٹسک کی خود ساختہ جمہوریہ کے اعلی فوجی عہدیدار باسورین نے ہفتے کے روز شہر دونیٹسک میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران عوامی ملیشیا نے یوکرین کے فوجیوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے، ان کی سات بکتربند گاڑیاں اور نو ٹینک تباہ کئے اور اکہّتر فوجیوں کو ہلاک کیا ہے- باسورین نے کہا کہ حالیہ دو ہفتوں کے دوران یوکرین کے ایک ہزار تین سو بیاسی فوجی ہلاک ہوئے جبکہ یوکرینی فوج کے ایک سو چوبیس ٹینک اور پنچانوے بکتربند گاڑیاں تباہ کی گئیں- دونیٹسک کی خود ساختہ جمہوریہ کے اعلی فوجی عہدیدار باسورین نے کہا کہ دونیٹسک اور اس شہر کے مضافاتی علاقوں پر یوکرینی فوج کی گولہ باری جاری ہے جس میں گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کم از کم دو افراد ہلاک اور سات زخمی ہوئے ہیں- انھوں نے کہا کہ دبالتسورا میں ملیشیا اور یوکرینی فوجیوں کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں جہاں مختلف علاقوں میں یوکرینی فوج کے تباہ شدہ ٹینکوں اور فوجیوں کی لاشوں کا مشاہدہ کیا جاسکتا ہے- باسورین کا کہنا ہے کہ یوکرینی فوجیوں نے، کہ جن کی تعداد آٹھ سے دس ہزار تک ہے، شہر دبالتسورا کو اپنے محاصرے میں لے لیا ہے- واضح رہے کہ مشرقی یوکرین میں گذشتہ سال اپریل کے مہینے میں شروع ہونے والی جھڑپوں میں ابتک پانچ ہزار ایک سو افراد ہلاک اور تقریبا گیارہ ہزار دیگر زخمی ہوچکے ہیں-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲